کنگ سلمان ریلیف سنٹر کا صومالی لینڈ میں صاف پانی کا منصوبہ
کنگ سلمان ریلیف سنٹر کا صومالی لینڈ میں صاف پانی کا منصوبہ
بدھ 22 جولائی 2020 16:36
منصوبے سے 42 ہزار 450 سے زیادہ افراد مستفید ہوں گے۔(فوٹو واس)
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر (کے ایس ریلیف) صومالی لینڈ میں صاف پانی کے منصوبوں پرمدد فراہم کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق دو ارب ڈالر کے اس منصوبے پر پانی اور ماحولیاتی منصوبوں میں تعاون کے لیے ناروے کی رفیوجی کونسل کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔
اس منصوبے سے 42 ہزار 450 سے زیادہ افراد مستفید ہوں گے۔ اس منصوبے کا مقصد پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
یہ منصوبہ کورونا وائرس سے حفاظتی اقدامات، مویشیوں کے تحفظ اور صومالی لینڈ کے باشندوں کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے ہے۔
یہ معاہدہ دنیا کے مختلف ممالک میں متاثرہ اور نادار افراد کی امداد کے لیے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کے ذریعے سعودی عرب کی انسانیت نواز کوششوں کی توسیع کا حصہ ہے۔
کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر یمن میں متعدد انسانی منصوبوں پر بھی عمل پیرا ہے۔
یمن کے علاقے ماریب میں بے گھر ہونے والے خاندانوں کے لیے کھجوروں کے 3150 کارٹن تقسیم کیے گئے ہیں۔
مئی 2015 میں اس سنٹر کے قیام کے بعد سے 53 ممالک میں 1329 منصوبوں پر کام کیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کی مالیت 4.42 ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔
سنٹر کے منصوبوں سے جن ممالک نے سب سے زیادہ فائدہ حاصل کیا ہے ان میں یمن (3 بلین ڈالر)، فلسطین (360 ملین ڈالر)، شام (296 ملین ڈالر) اور صومالیہ (192 ملین ڈالر) کے منصوبے شامل ہیں۔