Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کی جانب سے راشن تقسیم

پاکستان کے ایس ریلیف سے اب تک 12 کروڑ ڈالر کی امداد وصول کر چکا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مشکل وقت میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کے لیے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے فلاحی ادارے 'کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) کی جانب سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں راشن کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق راشن کی تقسیم شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے10  لاکھ ڈالر مالیت کے ’رمضان اسسٹنس پروگرام‘ کے تحت کی جا رہی ہے۔
 امدادی سامان کی براہ راست مستحقین میں تقسیم پاکستانی حکام کے تعاون سے کی جا رہی ہے۔ 
راشن کی تقسیم کے دوران حکومت پاکستان کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے حفاظتی اقدامات کی پابندی بھی کی جا رہی ہے۔
شاہ سلمان سینٹر کی جانب سے اس ریلیف مہم کے 12ویں دن بدھ کو راش کے 17 سو تھیلے پنجاب کے اضلاع مظفر گڑھ، پاکپتن، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور راجن پور میں تقسیم کیے گیے جس سے 10 ہزار 400 افراد مستفید ہوئے۔
شاہ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے پنجاب کے لیے 10 لاکھ ڈالر مالیت کے امدادی پروگرام کا آغاز 23 اپریل کو اسلام آباد سے ہوا تھا جس کے ذریعے ایک لاکھ بیس ہزار لوگوں کی امداد کی جا رہی ہے۔
سعودی سفیر نواف المالکی نے امدادی پروگرام کی افتتاحی تقریب میں عرب نیوز سے بات چیت میں کہا تھا کہ اس پروگرام کے تحت رمضان کے دوران پنجاب میں راشن کے 20 ہزار تھیلے غریب اور نادار خاندانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔

سعودی سفیر کے مطابق پنجاب میں 20 ہزار راشن پیکجز تقسیم کیے جائیں گے (فوٹو: ایس پی اے)

خیال رہے کہ شاہ سلمان مرکز کی جانب سے راشن کی تقسیم ایسے وقت پر کی جا رہی ہے جب آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا کے سبب جاری لاک ڈاؤن سے بڑی تعداد میں لوگوں کو بے روزگاری کا سامنا ہے۔
شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے دنیا کے 49 سے زائد ممالک میں لوگوں کو مدد فراہم کی ہے۔ پاکستان سعودی ایڈ ایجنسی سے امداد وصول کرنے والا پانچواں بڑا ملک ہے اور2005   سے اب تک 12  کروڑ ڈٓلر امداد وصول کر چکا ہے۔

شیئر: