حاجیوں کو گرمی سے بچانے کے لیے انتظامات
جمعرات 23 جولائی 2020 6:03
متاثرہ حاجیوں کے علاج کے لیے ضروری انتظامات کرلیے گئے ہیں (فوٹو: اخبار 24)
سعودی وزارت صحت نے حج کی تیاریاں مکمل کرلیں۔ نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے حج مقامات پر حجاج کو طبی سہولتیں مہیا کرنے کے لیے کئی صحت ادارے تیار کیے ہیں۔ منی الوادی ہسپتال، میدان عرفات میں ہیلتھ سینٹر 29، فیلڈ ہسپتال اور موبائل کلینکس کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ چھ ایمبولینسز اور تین کلینکس حاجیوں کی رہائش پر چوبیس گھنٹے مہیا ہوں گی۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ حاجیوں کو صحت خدمات فراہم کرنے کے لیے ڈاکٹرز، نرسوں اور معاون طبی عملے کا تقرر بھی کردیا گیا ہے۔
وزارت صحت کے مطابق اس سال حج سخت گرمی میں ہو رہا ہے- دھوپ کی شدت اور چلنے پھرنے کے باعث گرمی سے متاثرین کے لیے خصوصی صحت خدمات کا بندوبست کیا گیا ہے۔ سخت درجہ حرارت سے تعلق رکھنے والے امراض سے نمٹنے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
وزارت صحت نے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ میں لُو سے متاثرہ حاجیوں کے علاج کے لیے صحت اداروں میں ضروری انتظامات کرلیے۔
پانی کی پھوار والے پنکھے بھی نصب کیے گئے ہیں جن کی بدولت درجہ حرارت کی شدت کم ہو جاتی ہے۔ دھوپ سے متاثرین کی تعداد میں فرق پڑتا ہے اور شدید گرمی سے بے ہوش ہونے کے واقعات محدود ہو جاتے ہیں۔
دریں اثنا وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ اس سال حاجیوں کی خدمت پر مامور تمام اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ ہوگا۔ جس ادارے کے بھی اہلکار حج خدمات کے لیے تعینات ہوں گے ان سب کا کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا۔
اخبار 24 کے مطابق سیکرٹری حج ڈاکٹر حسین الشریف نے بتایا کہ امن عامہ کے سپاہی ہوں یا حج دفاتر کا انتظامی عملہ یا براہ راست حجاج کی خدمت کرنے والے لوگ ہوں۔ ان سب کا کورونا ٹیسٹ ہوگا۔ ہر ایک کے بارے میں یہ اطمینان حاصل کیا جائے گا کہ وہ کورونا سے پوری طرح سے پاک ہے یا نہیں۔
ڈاکٹر الشریف نے یہ بھی بتایا کہ حاجیوں کو گروپوں کی شکل میں حج مقامات پر روانہ کیا جائے گا۔ ان کے ہمراہ صحت عملہ قافلے کا کمانڈر اور معاون بھی ہوگا۔ چار ذی الحج سے ان سب کو بھی قرنطینہ کیا جائے گا۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں