دنیا میں ریکارڈ کورونا کیسز، برازیلین صدر کا ٹیسٹ منفی
دنیا میں ریکارڈ کورونا کیسز، برازیلین صدر کا ٹیسٹ منفی
ہفتہ 25 جولائی 2020 17:37
24 جولائی کو دنیا بھر میں دو لاکھ 84 ہزار افراد وائرس کا شکار ہوئے (فوٹو: اے ایف پی)
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کا دائرہ محدود ہونے کے بجائے پھیلتا جا رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک دن میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے مطابق 24 جولائی کو دنیا بھر میں دو لاکھ 84 ہزار افراد وائرس کا شکار ہوئے جو اب تک ایک دن میں وبا کا شکار افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق گذشتہ ایک ہفتے میں دنیا بھر کے تقریباً 40 ممالک میں کورونا وائرس کے یومیہ ریکارڈ کیسز سامنے آئے ہیں جن کی تعداد گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں دو گنا ہے۔
یہ کیسز آسٹریلیا، ہانگ کانگ، جاپان، بولیویا، سوڈان، ایتھوپیا، بلغاریہ، بیلجیئم اور ازبکتستان میں سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وہ ممالک جہاں لاک ڈاؤن میں نرمی کردی گئی تھی اب انہیں وبا کی دوسری لہر کا سامنا ہے۔
روئٹرز کے مطابق جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے مزید 113 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور یوں جنوبی کوریا میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ نئے کیسز میں 86 بیرون ملک سے آنے والے جبکہ 27 مقامی کیسز ہیں۔
روئٹرز کے مطابق چین کے ہیلتھ کمیشن نے کہا ہے کہ گذشتہ روز ملک میں کورونا وائرس کے مزید 34 کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ اس سے ایک روز قبل 21 کیسز سامنے آئے تھے۔
نئے 34 متاثرین میں سے 20 کا تعلق سنکیانگ کے مغربی علاقے سے ہے، نو شمال مشرقی صوبے لیاؤننگ سے ہیں اور باقی پانچ افراد بیرونِ ملک سے آئے تھے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک امریکہ میں جمعے کو دوسرے روز بھی 70 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار اموات سامنے آئیں۔
اے ایف پی کے مطابق امریکی ریاست بالٹی مور میں ایک یونیورسٹی نے سنیچر کو امریکہ میں 73 ہزار سے زائد کیسز اور ساڑھے 11 سو ہلاکتیں ریکارڈ کیں۔
اس طرح امریکہ میں متاثرین کی کُل تعداد 41 لاکھ سے بڑھ گئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ 45 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔
دوسری جانب امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے مطابق دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد ایک کروڑ 57 لاکھ سے بڑھ گئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد چھ لاکھ 40 ہزار سے زائد ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق برازیل کے صدر جیئر بوسونیرو کے تین کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد چوتھا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔
برازیل امریکہ کے بعد وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے جہاں متاثرین کی تعداد 23 لاکھ کے قریب ہے اور ہلاکتیں ساڑھے 85 ہزار سے بڑھ گئی ہیں۔
انڈیا میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 48 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں اور 757 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
انڈیا میں متاثرین کی تعداد 13 لاکھ 37 ہزار ہے اور ہلاکتیں ساڑھے 31 ہزار سے زیادہ ہیں۔
روس میں آٹھ لاکھ سے زائد افراد وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ روس میں 13 ہزار سے زائد اموات ہوئی ہیں۔
جنوبی افریقہ میں کورونا وائرس کے چار لاکھ 21 ہزار کیسز ریکارڈ ہو چکے ہیں، جن میں سے چھ ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔