طالبان کا عید پر جنگ بندی کا اعلان
منگل 28 جولائی 2020 17:51
طالبان جمعے سے جنگ بندی پر عمل درآمد شروع کر دیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
افغان طالبان نے عید کے موقع پر تین دن کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب افغان صدر اشرف غنی نے بھی طالبان کے ساتھ امن مذاکرات آئندہ ہفتے سے شروع ہونے کا عندیہ دیا ہے۔
افغانستان میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر طالبان کی جانب سے شدت پسند کارروائیاں نہیں کی جائیں گی۔
طالبان کی جانب سے جنگ بندی پر عمل درآمد جمعے کے روز سے کیا جائے گا جو تین دن کے لیے نافذ العمل رہے گا۔
ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے بیان میں تمام طالبان جنگجوؤں کو حکم دیا ہے کہ وہ عید کے تین دن اور تین راتوں کے دوران ’دشمن‘ کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی کرنے سے گریز کریں۔
گذشتہ دو ماہ کے دوران طالبان دو مرتبہ جنگ بندی کا اعلان کر چکے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صدر اشرف غنی نے حکومتی عہدیداروں کو بتایا کہ امن قائم کرنے کے عزم کو ثابت کرنے کے لیے افغان حکومت طالبان کے 5 ہزار قیدی رہا کرنے کے عمل کو مکمل کرے گی۔
اشرف غنی نے مزید کہا کہ 'قیدیوں کی رہائی کے اس اقدام سے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان براہ راست مذاکرات ایک ہفتے میں شروع ہو جائیں گے۔
گذشتہ ہفتے طالبان نے بھی عید کے بعد افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا تھا۔
اشرف غنی کے ترجمان صدیق صدیقی نے اے ایف پی کو بتایا کہ افغان عوام طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکرات شروع ہونے کے علاوہ مستقل جنگ بندی چاہتے ہیں۔
طالبان کے عسکری ترجمان ذنیح اللہ مجاہد نے جنگ بندی کے اعلان کے ساتھ خبردار کیا ہے کہ اگر ’دشمن‘ کی جانب سے حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔