’بڑے تو بڑے اب بچے بھی ٹرینڈز بنانے لگے‘
سابق اداکار جوڑے کی شادی گزشتہ برس اگست میں ہوئی تھی (فوٹو حمزہ علی عباسی)
پاکستان کے اداکار جوڑے حمزہ علی عباسی اور نمل خاور کے ہاں پہلی اولاد ہوئی اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اس کا اعلان کیا تو ننھے محمد مصطفیٰ عباسی والدین کو ٹرینڈز لسٹ میں لانے کی وجہ بن گئے۔
حمزہ علی عباسی کی جانب سے پیر کے روز مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا گیا تھا کہ ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
حمزہ علی عباسی نے اپنی ٹویٹ میں اہلیہ اور نئے مہمان کا تذکرہ کیا تو بچے کا نام بتانے کے ساتھ ساتھ ان کے متعلق دنیا اور آخرت میں کامیابیوں کی دعا کرتے ہوئے دوسروں سے بھی اپیل کی کہ ’پلیز ہمیں دعاؤں میں یاد رکھیں‘۔
ٹوئٹر پر حمزہ کے اعلان کے برعکس نمل خاور نے بیٹے کی ولادت کا اعلان کرنے کے لیے انسٹاگرام کا انتخاب کیا۔ انہوں نے ایک کمسن بچے کے ہاتھ کی تصویر پوسٹ کی تو ساتھ لکھا ’محبت کی سب سے خالص قسم‘۔
پیر کو کی گئی پوسٹ میں نمل خاور عباسی نے 30 جولائی 2020 کی تاریخ بھی درج کی۔ اسے دیکھنے والوں نے امکان ظاہر کیا کہ یہ ان کے صاحبزادے محمد مصطفے عباسی کی تاریخ پیدائش ہے۔
والدین کی جانب سے ننھے مہمان کی دنیا میں آمد کی اطلاع دیے جانے کے بعد شوبز انڈسٹری ہی نہیں بلکہ دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے بھی کہیں سنجیدگی سے اور کہیں مزاح کے رنگوں میں رنگے مبارکباد کے پیغامات دیے۔
ندا یاسر نے دونوں کو مبارکباد دیتے ہوئے دعا شیئر کی تو ساتھ لکھا ’اس ڈیجیٹل دور میں بڑے تو بڑے اب بچے بھی ٹرینڈز بنانے لگے ہیں‘۔
اقصی خان نامی صارف نے ٹویٹ کی صورت مبارکباد کا پیغام دیا تو حمزہ علی عباسی اور ان کے اہلخانہ کے لیے صحت والی لمبی زندگی کی دعا بھی کی۔
باجی پلیز نامی ہینڈل نے جوڑے کے ہاں بچے کی ولادت کی ٹویٹ پر تبصرہ کیا تو لکھا ’یہ بہت جلدی ہے‘۔
بچے کے متعلق یہ تبصرہ شاید دیگر صارفین کو پسند نہیں آیا۔ ملیحہ نامی ہینڈل نے لکھا ’باجی سسرالی رشتے داروں کا کردار نبھاتے ہوئے‘۔
بچے کی پیدائش کے اعلان کے لیے سوشل میڈیا پوسٹس کو ذریعہ بنانے والے حمزہ علی عباسی اور نمل خاور کے اعلانات میں دلچسپی لینے والوں کی تعداد چند گھنٹوں میں لاکھوں کمنٹس و لائکس تک پہنچ چکی تھی۔
حمزہ علی عباسی اور نمل خاور کی شادی گزشتہ برس 25 اگست کو ہوئی تھی۔ دونوں کی جانب سے شوبز کو خیرباد کہا جا چکا ہے تاہم اس کے باوجود وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر وقفے وقفے سے کچھ نا کچھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں