Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کے مقبول چائلڈ سٹارز کیا سوچتے ہیں؟

پاکستانی بچے جہاں زندگی کے دیگر شعبوں میں اپنا آپ منوا رہے ہیں وہیں اداکاری اور ماڈلنگ میں بھی نام کما رہے ہیں۔ پڑھائی کے ساتھ ساتھ وہ چھوٹی عمر میں آمدنی اور شہرت دونوں کا مزہ چکھ رہے ہیں۔ ان میں سے کئی بچوں نے تو وہ شہرت حاصل کر لی ہے جو  بڑی عمر کے اداکاروں کے حصے میں بھی نہیں آئی۔ 
پاکستان میں ڈراموں کی پروڈکشن بڑھنے کے ساتھ ساتھ  چھوٹی سکرین پر چائلڈ سٹارز کی تعداد بھی بڑھی ہے۔ اردو نیوز نے ملک کے چند معروف چائلد سٹارز سے ان کے کیریئر، مستقبل کے ارادوں اور پسند ناپسند کے حوالے سے گفتگو کی اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ پاکستان کے مستقبل کے یہ ہیروز کیا سوچ رہے ہیں۔

سمیع خان

چائلڈ سٹار سمیع خان اب تک سنو چندا، وہ ایک پل، تھوڑی سی بے وفائی، زن مرید، اگر تم ساتھ ہو اور ناراض کے علاوہ کئی مشہور ڈراموں اور ٹیلی فلموں میں شاندار پرفارمنس دے چکے ہیں۔ سمیع خان نے ’اردو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اداکاری اس وقت شروع کر دی تھی جب انہیں ہوش بھی نہیں تھا۔ اب وہ اس شعبے سے اتنا جڑ گئے ہیں کہ مستقبل میں وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ ڈائریکشن بھی دیں گے۔

سمیع خان کہتے ہیں کہ انہیں سنجیدہ کے بجائے مزاحیہ کردار ادا کرنے میں زیادہ مشکل پیش آتی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

'میں نے چھ ماہ کی عمر میں اداکاری کی شروعات کی، اداکاری میرا جنون ہے لیکن بڑے ہو کر ڈائریکٹر بننے کا ارادہ ہے۔ میں اداکاری کے ساتھ ساتھ پڑھائی کو بھی جاری رکھے ہوئے ہوں ِصبح اٹھ کر سکول جاتا ہوں اور دو بجے کے بعد رات کو دس گیارہ بجے تک میری شوٹنگز چلتی رہتی ہیں۔ سیٹ پر کام کرنا اچھا لگتا ہے لیکن کبھی کبھی تھک جاتا ہوں، جس دن شوٹ میں میرے سین کم ہوں اس دن خوشی ہوتی ہے۔'
سمیع کو سنجیدہ کے بجائے مزاحیہ کردار ادا کرنے میں زیادہ مشکل پیش آتی ہے۔ 'مجھے سنجیدہ کردار بھی پسند ہیں لیکن کامیڈی کردار کرنا زیادہ اچھا لگتا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ لوگوں کو رلانا آسان ہوتا ہے لیکن ہنسانا بہت ہی مشکل۔'
ان کا کہنا ہے کہ سیٹ پر موبائل فون پر گیم کھیلنے کی وجہ سے انہیں اکثر ڈانٹ پڑتی ہے۔ 
'مجھے سیٹ پر ڈانٹ کم ہی پڑتی ہے لیکن اگر گیمز کھیلنے میں مصروف ہوں تو ڈانٹ پڑ ہی جاتی ہے، جیسے مجھے یاد ہے کہ میں ایک ڈرامے کی شوٹ پر تھا اور موبائل پر گیمز کھیلنے میں اس قدر مصروف تھا کہ ڈائیلاگز یاد نہیں ہو رہے تھے، پھر مجھے ڈائریکٹر سے زبردست ڈانٹ پڑی۔'
انہیں سینیئر فنکاروں میں فرحان سعید، اقرا عزیز، نادیہ افغان، فیصل قریشی اور سارہ خان پسند ہیں۔

احمد عثمان نے بتایا کہ اداکاری کے آغاز میں وہ نروس تھے (فوٹو: ٹوئٹر)

احمد عثمان خانانی

چائلڈ سٹار احمد عثمان خانانی جنہوں نے ایک کمرشل سے کیرئیر کا آغاز کیا اس وقت چوتھی جماعت کے طالب علم ہیں۔ ان کا پہلا ڈرامہ 'ام ہانیہ' تھا۔  آج کل وہ ڈرامہ سیریل ”نند“  میں اداکارہ فائزہ حسن، منال، اعجاز اسلم اور شہروز سبزواری کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اداکاری کے شروع میں وہ نروس تھے لیکن پھر بہت جلد اپنی اس کمزوری پر قابو پا لیا۔
'جب میں پہلی بار سیٹ پر گیا تو خاصا نروس تھا کیونکہ وہاں بڑے بڑے آرٹسٹ تھے لیکن بہت جلد ہی میں نارمل ہو گیا۔ بہت کم ایسا ہوا کہ سیٹ پر ڈانٹ پڑی ہوئی ہو۔ میں بہت جلدی ڈائیلاگز یاد کر لیتا ہوں کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ بھول جاتا ہوں لیکن ایسا بہت کم ہوتا ہے۔'
احمد کو اداکاری کا بہت زیادہ شوق ہے لیکن وہ اس کی وجہ سے پڑھائی کا نقصان نہیں ہونے دیتے۔
'شوٹنگ پر کام کے حساب سے جاتا ہوں، پہلی ترجیح سکول جانا ہی ہوتی ہے۔ اداکاری جاری رکھنے کا ارادہ ہے لیکن ڈائریکشن کے میدان میں ضرور آﺅں گا۔'

عیشا عثمان

عیشا عثمان نے دو سال پہلے ہی اداکاری شروع کی ہے لیکن انہیں کمرشلز اور ماڈلنگ میں زیادہ دلچپسی ہے۔

 عیشا عثمان نے دو سال پہلے ہی اداکاری شروع کی ہے لیکن انہیں  کمرشلز اور ماڈلنگ میں زیادہ دلچپسی ہے (فوٹو: ٹوئٹر)

عیشا نے بتایا کہ اب تک وہ کافی ڈراموں میں کام کر چکی ہیں لیکن 'ام ہانیہ'، 'میری گڑیا'، 'مجھے بیٹا چاہیے' اور 'نیک پروین' میں اپنے کردار انہیں زیادہ پسند ہیں۔
آج کل عیشا کا ڈرامہ  ’بکھرے موتی‘ نشر ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے فوٹو شوٹس بھی چل رہے ہیں۔
عیشا، جن کا مستقبل میں سٹائلسٹ بننے کا ارادہ ہے اور وہ روزانہ دس گھنٹے کام کرتی ہیں، اپنا ڈرامہ کم ہی دیکھتی ہیں۔
'میں اپنے ڈرامے خود نہیں دیکھتی نہ ہی کسی کے ساتھ بیٹھ کر دیکھتی ہوں۔ اگر اکیلی ہوں اوروقت ملے تو یوٹیوب پر جا کر اپنا کوئی ڈرامہ دیکھ لیتی ہوں۔'
انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے پہلی بار کیمرے کا سامنا کیا تو وہ خاصی نروس تھیں۔ 'شوٹنگ میں بارش کا سین شوٹ کروانا تھا۔ اس وقت بھرپور سردیاں تھیں پہلے تو لگا کہ سردی ہے پتا نہیں کر پاﺅں گی یا نہیں لیکن جب سین شروع ہوا تو میں نے بہت مزے سے کیا۔'

شیث

'میرے پاس تم ہو' سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے چائلڈ سٹار شیث کہتے ہیں کہ انہیں ’ہارر موویز‘ میں کام کرنے کا بہت شوق ہے۔

شیث نے ابھی تک کوئی نیا ڈرامہ سائن نہیں کیا تاہم انہوں نے کچھ کمرشلز ضرور کیے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)

انہوں نے بتایا کہ میرے پاس تم ہو میں رومی کا کردار ادا کرنے پر ملنے والی شہرت اچھی لگتی ہے لیکن کبھی کبھار لوگوں کے رویے پر غصہ بھی آتا ہے۔
'میرے پاس تم ہو کے بعد میں بالکل بھی گھمنڈی نہیں ہوا، شروع شروع میں لوگ پہچانتے نہیں تھے لیکن جب پہچاننے لگ گئے تو اچھا لگتا تھا لیکن جب وہ مجھے دیکھتے ہی تصویر بنواتے تھے تب ذرا غصہ آتا تھا۔'
شیث نے ابھی تک کوئی نیا ڈرامہ سائن نہیں کیا تاہم انہوں نے کچھ کمرشلز ضرور کیے ہیں۔

شیئر: