Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد ہائی کورٹ میں شوگر کمیشن کے خلاف اپیل مسترد

عدالت نے متعلقہ اداروں کو چینی کی قلت اور قیمتوں میں اضافے سے متعلق تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے چینی سکینڈل پر انکوائری کمیشن کے خلاف شوگر ملز مالکان کی انٹرا کورٹ اپیل مسترد کر دی ہے۔
اردو نیوز کے نامہ نگار زبیر علی خان کے مطابق منگل کو جسٹس میاں گل حسن اور جسٹس لبنیٰ پرویز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا اور شوگر انکوائری کمیشن کو درست قرار دیتے ہوئے حکومت کو کارروائی کی اجازت دی۔
شوگر ملز مالکان نے چینی انکوائری کمیشن رپورٹ پر کارروائی روکنے کی استدعا کر رکھی تھی جو کہ سنگل رکنی بینچ نے مسترد کر دی تھی۔ بعد ازاں شوگر ملز مالکان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی تھی۔
واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے پیر کو شوگر انکوائری کمیشن کے خلاف ملز مالکان کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کمیشن اور اس کی جاری انکوائری رپورٹ کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
عدالت نے متعلقہ اداروں کو چینی کی قلت اور قیمتوں میں اضافے سے متعلق آزادانہ نئی تحقیقات کرنے کا حکم بھی صادر کیا۔

جون میں عدالت نے چینی کم قیمت پر فروخت کرنے کا حکم دیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر بننے والے شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے خلاف 20 سے زائد شوگر ملز مالکان نے اس انکوائری کمیشن کی تشکیل اور رپورٹ کو سندھ ہائی کورٹ میں بھی چیلنج کیا تھا۔
شوگر انکوائری کمیشن رپورٹ میں تحریک انصاف کے سینیئر رہنما جہانگیر ترین سمیت دیگر کئی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے نام سامنے آئے تھے۔

شیئر: