سلطان عمان نے 28 شاہی فرمان جاری کیے ہیں۔( فوٹو ٹائمز آف عمان)
سلطان عمان ہیثم بن طارق نے وزارتوں کی تنظیم نو کے لیے 28 شاہی فرمان جاری کیے ہیں۔ بعض نئی وزارتیں قائم کی گئیں جبکہ کئی کو ایک دوسرے میں ضم کیا گیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سلطنت عمان کی نئی حکومت میں بڑی تبدیلی یوسف بن علوی کی جگہ بدر البوسعیدی کا بحیثیت وزیر خارجہ تقرر ہے جبکہ سینٹرل بینک کا سربراہ تیمور بن اسعد بن طارق البوسعید کو بنادیا گیا ہے,
عمانی خبررساں ادارے کے مطابق سلطان ہیثم نے نئی وزارتوں میں ثقافت و کھیل اور نوجوانوں کی وزارت قائم کی ہے۔ اس کا وزیر اپنے بیٹے ذی یزن بن ہیثم بن طارق جبکہ وزارت انصاف اور وزارت قانونی امور کو ایک دوسرے میں ضم کرکے وزارت انصاف و قانونی امور کا نام دیا گیا ہے۔
شاہی فرامین کے ذریعے وزارت محنت، وزارت اقتصاد اور وزارت نقل وحمل و مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی قائم کی گئی ہیں۔
سلطان ہیثم نے وزارت زراعت و آب و ماہی کا نام تبدیل کرکے وزارت زراعت و آبی وسائل و افزائش ماہی ، زراعت وآبی وسائل کی وزارت کردیا۔ وزارت آباد کاری کا نام تبدیل کرکے وزارت آباد کاری و منصوبہ بندی کردیا گیا۔
وزارت پٹرولیم و گیس کا نام تبدیل کرکے وزارت توانائی و معدنیات، وزارت تجارت و صنعت کا نام بدل کر وزارت تجارت و صنعت و سرمایہ کاری کردیا گیا۔
علاوہ ازیں اعلی تعلیم کی وزارت کو اعلی تعلیم سائنس ریسرچ اور جدت طرازی کی وزارت کا نام دے دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سلطان ہیثم گیارہ جنوری 2020 کو برسراقتدار آنے کے بعد سے وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں کے انتظامی ڈھانچے میں مسلسل تبدیلیاں کررہے ہیں۔ نئی تبدیلیاں بھی اسی کا حصہ ہیں۔
نئے عمانی وزیر خارجہ کون؟
سلطنت عمان کے نئے وزیر خارجہ کا پورا نام بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی ہے۔
البوسعیدی کو یوسف بن علوی کی جگہ ملک کا وزیر خارجہ بنایا گیا ہے جو 23 برس سے اس منصب پر فائز تھے۔
البوسعیدی کی عمر 60 برس ہے۔ مئی 1960 کے دوران دارالحکومت مسقط میں پیدا ہوئے تھے۔ ابتدائی تعلیم مسقط اور صلالہ کے درمیان السعیدیہ سکولوں میں حاصل کی۔
البوسعیدی نے 17 برس کی عمر میں ویلز کے سکولوں میں داخلہ لیا۔ 1978 میں لندن منتقل ہوئے جہاں انہوں نے تین برس گزارے- آکسفورڈ یونیورسٹی سے ثانوی کی تعلیم اور پھر 1986 میں سیاسیات، فلسفے اور معاشیات میں ماسٹرز کیا۔
1988 میں مسقط واپسی کے ایک سال بعد وزارت خارجہ سے منسلک ہوگئے۔ فرسٹ سیکریٹری کے عہدے پر فائز ہوئے۔1990 میں مشیر کےعہدے پر ترقی ہوئی پھر 1996 میں سفیر کے منصب پر فائز کیے گئے۔
البوسعیدی نے 1997 میں وزیر خارجہ کے دفتر کی سرباہی کی۔ 2000 میں انہیں وزارت خارجہ کا سیکریٹری جنرل بنایا گیا۔