ماہ رواں کے آخر تک درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤرہے گا(فوٹو، سوشل میڈیا)
محکمہ موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ ماہ رواں کے آخر تک درجہ حرارت میں اتار چڑھاؤ رہے گا-
الاخباریہ چینل کے مطابق القحطانی نے بتایا کہ عبوری مرحلے میں کسی دن موسم معتدل ہوگا اور کسی روز درجہ حرارت کم رہے گا- یہی حال گرد آلود ہواؤں کا بھی ہوگا- ماہ رواں کے آخر میں مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی-
القحطانی نے توجہ دلائی کہ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی ساحل والے مقامات خصوصا دمام، الاحسا اور الظہران میں ان دنوں درجہ حرارت بڑھے گا، تاہم جلد ہی 35 سے 48 سینٹی گریڈ کے درمیان ہوجائے گا-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات کے ماہر عبدالعزیز الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ آج سے سعودی عرب میں بارش کا موسم شروع ہوگا جو کئی دن تک جاری رہے گا- بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 4 سینٹی گریڈ تک بڑھ جائے گا-
الحصینی نے ٹویٹر پر توجہ دلائی کہ مکہ مکرمہ، باحہ، عسیر اور جازان کے علاقوں میں چند روزہ بارش کا آغاز کسی بھی وقت ہوسکتا ہے-
الحصینی کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ اور نجران کے اطراف تک بارش کا سلسلہ پھیل جائے گا- ریاض اور مشرقی ریجن کے جنوب بعید کے علاقے بھی بارش کی زد میں ہوں گے- امارات، یمن اور سلطنت عمان میں بھی کئی دن تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے-
الحصینی نے توجہ دلائی کہ بارش تمام مقامات پر یکساں نہیں ہوگی، کہیں بوندا باندی تو کہیں موسلا دھار ہوگی- البتہ پرفضا مقامات کے اطراف سیلاب کا امکان ہے-