Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سُشانت کیس: منشیات استعمال کرنے کے الزام کی تحقیقات

ایک میسج کے مطابق مسلسل طبی دیکھ بھال کے باوجود سشانت صحت مند نہیں ہو رہے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی اور آنجہانی اداکار کی بزنس مینیجر شروتی مودی کی واٹس ایپ چیٹ کے ذریعے اس معاملے میں منشیات کے استعمال کا ذکر کھُل کر سامنے آیا ہے۔
اس مبینہ واٹس ایپ چیٹ کے مطابق ریا، سشانت سے منشیات چھڑانے کے لیے کوشش کر رہی تھیں۔
 ٹائمز آف انڈیا کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی کی چیٹ کا ریکارڈ سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے حوالے کر دیا ہے تاکہ منشیات کے استعمال کے زاویے سے بھی اس کیس کا جائزہ لیا جا سکے۔

 

ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سشانت سنگھ کی جنوری 2020 کی چیٹ ریکارڈز کے مطابق آنجہانی اداکار ایک میسج پڑھنے کے بعد میٹنگ میں چلا پڑے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں فوری علاج کرانے کی ضرورت ہے۔
اس واٹس ایپ چیٹ کے مطابق شروتی کے میسج میں کہا گیا ہے کہ اداکار نے گذشتہ روز سے نشہ ترک کر دیا ہے۔
میسج کے مطابق مسلسل طبی دیکھ بھال کے باوجود سشانت 'ابھی تک صحت مند نہیں ہو رہے تھے اور انہیں مزید علاج کے لیے ڈاکٹر سے مشورہ کرنا چاہیے۔'
ٹائمز ناؤ کا کہنا ہے کہ دیگر چیٹ ریکارڈز کے مطابق اس بات کا اشارہ ملا ہے کہ ریا چکربورتی مبینہ طور پر غیر قانونی منشیات کا استعمال کر رہی تھیں جن میں ایم ڈی ایم اے، حشیش اور چرس شامل تھیں۔
انہوں نے مبینہ طور پر ایک ٹیلنٹ مینجمنٹ ایجنسی کے ملازم سے یہ ہدایات وصول کی تھیں کہ سشانت سنگھ کے لیے ڈرگ کا بندوبست کیا جائے۔
ریا چکربورتی کے وکیل ستیش منیشندے نے اداکارہ پر منشیات کے استعمال کے تمام الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

ریا چکربورتی کے وکیل نے اداکارہ پر منشیات استعمال کرنے کا الزام مسترد کر دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے ایک بیان جاری کیا ہے جس کے مطابق 'ریا نے اپنی زندگی میں کبھی منشیات کا استعمال نہیں کیا ہے۔ وہ اپنا بلڈ ٹیسٹ کرانے کے لیے بھی تیار ہیں۔'
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس تمام معاملے میں سب سے زیادہ نام جس شخصیت کا لیا جا رہا ہے وہ سشانت سنگھ کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی ہیں۔
سشانت سنگھ کے اہل خانہ کی جانب سے ریا کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کے بعد ان کی گرفتاری کے مطالبے نے زور پکڑ لیا ہے۔
بہار پولیس کے سینیئر افسر وینے تیواری نے امکان ظاہر کیا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت کی گرل فرینڈ ریا چکربورتی کو حراست میں لیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریا کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اگرچہ ان کا ابھی ریا کی گرفتاری کا کوئی ارادہ نہیں تاہم اگر ضرورت پڑی تو انہیں حراست میں لیا جا سکتا ہے۔

سشانت سنگھ 14 جون کو ممبئی میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

 بالی وڈ کے اداکار سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کو ممبئی میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ ان کی موت کی وجہ کو مبینہ طور پر خودکشی بتایا گیا۔
سشانت سنگھ راجپوت نے بالی وڈ کی کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں شُدھ دیسی رومینس، رابطہ، کیدارناتھ اور سونچریا شامل ہیں تاہم انہوں نے سب سے اہم کردار انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم 'ایم ایس دھونی: دی ان ٹولڈ سٹوری' میں ادا کیا۔

شیئر: