Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحرین میں مساجد کھولنے کا اعلان 

بحرین کی سپریم کونسل برائے اسلامی امور نے اجلاس میں فیصلہ کیا( فو ٹو سوشل میڈیا)
بحرین کی سپریم کونسل برائے اسلامی امور نے مساجد بتدریج کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر کے ساتھ مساجد کھولی جائیں گی۔ 
بحرینی جریدے الوطن کے مطابق اسلامی امور کی سپریم کونسل نے بدھ کو شیخ عبدالرحمن بن محمد آل خلیفہ کی صدارت میں اجلاس منعقد کیا ہے۔ 
 
کونسل نے بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ، وزیراعظم خلیفہ بن سلمان آل خلیفہ، ولی عہد، شاہی خاندان، بحرین کے عوام اور امت مسلمہ کو نئے سال کی مبارکباد دی ہے۔
اسلامی سپریم کونسل نے بیان میں کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد مسلسل کم  ہورہی ہے صورتحال کنٹرول میں ہے۔
اس تناظر میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حفاظتی تدابیر کے ساتھ مساجد، اجتماعی عبادت اور مذہبی اجتماعات پر پابندی اٹھالی جائے۔
اس حوالے سے وزارت انصاف و اسلامی امور،اوقاف کے اداروں کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا گیا ہے۔ تمام ادارے ضوابط ترتیب دیں گے اور ان پر عمل درآمد کرایاجائے گا۔ 
دریں اثنا بحرینی خبر رساں ایجنسی نے  وزارت انصاف اور اسلامی امور کے حوالے سے بتایا کہ  پہلے مرحلے میں تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ مساجد جمعہ 28 اگست سے نماز فجر کے لیے کھولی جائیں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ نماز جمعہ مساجد میں بدستور معطل رہے گی سوائے  مسجد احمد الفتح جہاں محدود تعداد میں لوگ نماز جمعہ ادا کرسکیں گے۔

شیئر: