ٹک ٹاک نازیبا مواد بلاک کرے: پاکستان
پی ٹی اے نے ٹک ٹاک سے مواد کی سخت نگرانی کی درخواست کی ہے۔ فائل فوٹو: روئٹرز
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ٹک ٹاک کو پاکستانی صارفین کے لیے نازیبا اور غیر اخلاقی مواد بلاک کرنے کے لیے کہا ہے۔
جمعے کو جاری ایک بیان کے مطابق ٹک ٹاک پر شیئر کیے جانے والے مواد پر معاشرے کے مختلف افراد نے تحفظات کا کا اظہار کیا تھا۔ جس کے بعد پی ٹی اے کے چیئرمین کا ٹک ٹاک کے اعلیٰ حکام کے ساتھ آن لائن اجلاس ہوا۔
پی ٹی اے چیئرمیں نے حال ہی میں غیر اخلاقی مواد ہٹانے پر ٹک ٹاک کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پلیٹ فارم پر شیئر کیے جانے والے مواد کی سخت نگرانی ہونی چاہیے تاکہ پاکستان میں غیر اخلاقی ویڈیوز نہ دیکھی جائیں۔
ایک دن پہلے، جمعرات کو ہی پی ٹی اے نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب سے کہا تھا کہ وہ پاکستان میں غیر اخلاقی مواد اور نفرت انگیز تقاریر پر مبنی مواد کو فوری طور پر ہٹا ئے۔
پی ٹی اے کے بیان کے مطابق اس نے قابل اعتراض مواد کو فوری طور پر ہٹانے اور اس طرح کا مواد اس پلیٹ فارم کے ذریعے پھیلانے سے روکنے کے لیے یوٹیوب سے رابطہ کیا۔
بیان کے مطابق 'اس کے علاوہ، پلیٹ فارم کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مواد کی نگرانی کے لیے ایک مؤثر اور اعتدال پسند حکمت عملی اختیار کرے تاکہ پاکستان میں اس طرح کے مواد تک رسائی کو روکنے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی مواد کا پتہ لگانے اور حذف کرنے کے حوالے سے بھی اقدامات کئے جا سکیں.‘