Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آپ کو پیزا کون سا پسند ہے؟‘

مریم نواز نے لیگی کارکنوں سے درخواست کی کہ کمرہ عدالت خالی کر دیں (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد ہائی کورٹ میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ہمراہ جب 11 بجے عدالت پہنچیں تو کمرہ عدالت لیگی کارکنوں اور وکلا سے کھچا کھچ بھر چکا تھا۔ کارکنوں اور سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان دھکم پیل کا سلسلہ جاری تھا۔ 
مریم نواز نے لیگی کارکنوں سے درخواست کی کہ عدالت کے تقدس کو پامال نہ کیا جائے اور کمرہ عدالت خالی کر دیں۔ 
منگل کے روز سماعت کے موقع پر کمرہ عدالت میں صحافیوں نے ججز کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مریم نواز سے کچھ چُلبُلے اور کچھ سنجیدہ سوالات کیے۔ 
مزید پڑھیں

 

مریم نواز سے جب آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے شہباز شریف کے ساتھ مبینہ اختلاف کے بارے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ 'مسلم لیگ ن نواز شریف کی ہی ہدایات پر عمل کرے گی اور میرا نہیں خیال کہ نواز شریف اے پی سی میں جانے سے روکیں گے اور نہ ہی ان کو روکنا چاہیے۔
صحافی مطیع اللہ جان کو دیکھ کر مریم نواز نے ان کا حال احوال پوچھا تو انہوں نے موقع کی غنیمت جانتے ہوئے سوال کیا کہ 'آپ کا فیورٹ پیزا کونسا ہے؟ 
جس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے۔ 
آدھے گھنٹے کا وقت گزرنے کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء اللہ تارڑ کمرہ عدالت میں داخل ہوئے اور مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے ملاقات کے بعد ان کی نشست کے پیچھے براجمان ہو گئے۔ 
تھوڑی ہی دیر کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کمرہ عدالت میں پہنچ گئے تو مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اپنی نشست سے اٹھ کر ان سے حال احوال دریافت کیا۔ 
ساڑھے گیارہ بجے کے بعد سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور امیر مقام نے یکے بعد دیگرے مریم نواز کے سامنے "حاضری" لگائی اور رکاوٹوں کے باعث تاخیر سے آنے پر معذرت کی۔

خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ نواز شریف کی حالیہ میڈیکل رپورٹس جمع کروا دی ہیں۔ (فوٹو:اے ایف پی)

دس منٹ بعد ججز کمرہ عدالت میں پہنچے تو عدالت میں موجود ہجوم کو دیکھ کر بینچ میں شامل جسٹس عامر فاروق نے نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر کورونا پھیل گیا تو کون ذمہ دار ہوگا؟ ہمیں تھوڑی احتیاط کرنی چاہیے۔
جسٹس عامر فاروق نے بھی انتظامیہ کی جانب سے لگائی گئی رکاوٹوں کے بارے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ 'میں خود مشکل سے آج عدالت پہنچا ہوں، ہمارے سٹاف کو مشکل ہوئی ہے ایسا نہیں ہونا چاہے۔ عام آدمی کو دقت نہیں ہونی چاہیے میں اس پر انتظامیہ  سے بات کروں گا۔ 
سماعت کا آغاز ہوا تو العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل میں نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر عدالت نے سابق وزیراعظم کی ضمانت کا سٹیٹس پوچھا۔
 اس پر خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ ضمانتی بانڈز کے تحت دی جانے والی ضمانت کی مدت ختم ہو چکی ہے اور پنجاب حکومت نے بھی ان کی توسیع کی درخواست مسترد کر دی ہے لیکن نواز شریف کی طبیعت ایسی نہیں کہ وہ سفر کر سکیں۔ 

مریم نواز کی پیشی پر مسلم لیگ ن کے ورکرز عدالت کے باہر موجود تھے (فوٹو: اے ایف پی)

جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ کیا نواز شریف ہسپتال میں داخل ہیں؟ اس پر عدالت کو بتایا گیا کہ نہیں وہ ہسپتال میں داخل نہیں ہیں بلکہ کورونا کے باعث ان کے علاج میں تاخیر ہو رہی ہے۔ 
اس دوران عطا اللہ تارڑ  نواز شریف کی قانونی ٹیم سے سرگوشی بھی کرتے نظر آئے اور ایک موقع پر انہوں نے خواجہ حارث کو پرچی پر کچھ لکھ کر دینے کی کوشش بھی کی۔ 
عدالتی کارروائی جاری تھی کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کبھی اپنی نشست پر کچھ دیر کھڑے ہوتے تو پھر بیٹھ جاتے۔
خواجہ حارث اور نیب ٹیم کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیے کہ 'نواز شریف کو خود کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا کیونکہ ہمارے سامنے ایسی کوئی چیز نہیں جس سے یہ ثابت ہو کہ وہ سفر نہیں کر سکتے۔ 

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف اے پی سی میں شرکت سے نہیں روکیں گے (فوٹو: اے ایف پی)

خواجہ حارث کی جانب سے کہا گیا کہ نواز شریف کی حالیہ میڈیکل رپورٹس جمع کروا دی ہیں۔ 
عدالت نے کہا کہ ابھی ہمارے سامنے جون کی میڈیکل رپورٹس موجود ہیں عدالت نے ریکارڈ دیکھ کر ہی چلنا ہے۔ 
جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہم اس درخواست پر حتمی فیصلہ نہیں دے رہے نہ ہم وارنٹ گرفتاری جاری کر رہے ہیں۔ ہم آپ کو ایک موقع فراہم کر رہے ہیں، ایک تاریخ آپ کو دیں گے اس تک عدالت میں پیش ہو جائیں بصورت دیگر کارروائی کریں گے۔ 
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ 'کیا آپ کو خدشہ ہے کہ نواز شریف کو گرفتار کر لیا جائے گا؟ ایئرپورٹ پر نیب ان کو گرفتار کرنے کے لیے کھڑی ہے تو ہم اس حوالے سے بھی احکامات جاری کر دیتے ہیں۔ 
بعد ازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے  حکومت سے نواز شریف کی صحت سے متعلق پاکستانی ہائی کمیشن سے معلومات حاصل کرنے کے اقدامات کی رپورٹ دینے کی بھی ہدایت کر دی۔ 
عدالت نے سماعت ملتوی کی تو عطاء تارڑ نے مریم نواز کو عدالتی کارروائی کے حوالے سے کمرہ عدالت میں ہی بریفنگ دی۔ 
اس کے بعد جیسے ہی مریم نواز روانہ ہوئیں تو ایک بار پھر بھگدڑ مچ گئی جس سے کمرہ عدالت کا داخلی دروازہ بھی ٹوٹ گیا۔

شیئر: