گورنر مکہ مکرمہ صبح سویرے غسل کعبہ کی رسم ادا کریں گے۔ (فوٹو ٹوئٹر)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت کرتے ہوئے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل جمعرات 3 ستمبر کو صبح سویرے غسل کعبہ کی رسم ادا کریں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ہر برس کی طرح اس سال بھی غسل کعبہ کی رسم عرق گلاب سے معطر آب زمزم سے انجام دی جائے گی۔
اس سال یہ رسم کورونا وائرس کی وبا کے ماحول میں ہوگی۔ اس حوالے سے سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں گے۔
مسجد الحرام و مسجد نبوی انتظامیہ کے سربراہ اعلی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے بتایا کہ شاہ سلمان نے وائرس سے بچاؤ کے لیے مقرر حفاظتی تدابیر کی پابندی کرتے ہوئے غسل کعبہ کی رسم ادا کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ڈاکٹر السدیس نے کہا کہ شاہی منظوری اس بات کی علامت ہے کہ سعودی قیادت مسجد الحرام و مسجد نبوی اور ان کے زائرین سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔ غسل کعبہ کی رسم تمام حفاظتی تدابیر کے ماحول میں انجام دی جائے گی۔
واضح رہے کہ غسل کعبہ کی رسم پہلے سال میں دو مرتبہ یکم شعبان کو اور محرم میں ادا کی جاتی تھی۔ اب ایک مرتبہ 15محرم کو ادا کی جاتی ہے۔