حادثے میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا (فوٹو: روئٹرز)
امریکی ریاست ٹیکساس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں کشتیوں کی پریڈ ہوئی لیکن پانی کی زوردار لہروں کے باعث چار کشتیاں ڈوب گئیں اور متعدد چٹانوں سے ٹکرا کر تباہ ہو گئیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ حادثہ ٹریوس جھیل میں پیش آیا اور حکام نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا ہے۔
پبلک انفارمیشن آفیسر کرسٹین ڈارک نے بتایا کہ ’کشتیوں کی بہت بڑی تعداد نے اس پریڈ میں شرکت کی اور متعدد کشتیاں ڈوب گئیں۔‘
ٹریوس جھیل کالریڈو دریا کے پانی کو جمع کر کے بنائی گئی ہے اور یہ تیراکی، کشتی رانی اور مچھلیاں پکڑنے اور دیگر سرگرمیوں کے لیے بہت مقبول جگہ ہے۔
کرسٹین ڈارک کا کہنا ہے کہ ’لیک ٹریوس ٹرمپ بوٹ پریڈ‘ میں بہت سی کشتیوں نے حصہ لینا تھا اور اس کے لیے اضافی عملے کو تعینات کیا گیا تھا، لیکن انہیں بہت بڑی تعداد میں متاثر ہونے والے افراد کی کالز موصول ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب سب کشتیوں نے ایک ساتھ چلنا شروع کیا تو لہریں پیدا ہوئیں جس کی وجہ سے کشتیاں ڈوب گئیں۔
اس ایونٹ کی فیس بک پر تشہیر کی گئی اور ’تمام سائزز اور شکلوں‘ کی کشتیوں کو اس میں حصی لینے کا کہا گیا۔ کشتیوں کے مالکان کو ہدایت کی گئی کہ وہ انہیں قومی رنگوں سے سجائیں اور ان پر ٹرمپ کے زیادہ سے زیادہ جھنڈے بھی لگائیں۔
آسٹن ٹریوس کاؤنٹی ایمرجنسی میڈیکل سروسز کی ترجمان کرسٹا سٹیڈ مین نے کہا ہے کہ اس حادثے میں کوئی فرد زخمی نہیں ہوا۔