سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود نےسعودی عرب کے یوم الوطنی کی تعطیل کے حوالے سے بیان جاری کیا ہے۔
وزارت افرادی قوت نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا کہ سرکاری اداروں میں بدھ اور جمعرات 23 اور 24 ستمبر کو تعطیل ہوگی جبکہ نجی اداروں اور کمپنیوں کے ملازمین بدھ 23 ستمبر کو نیشنل ڈے کی تعطیل پر ہوں گے۔
یاد رہے کہ سرکاری اداروں میں چھٹی کے قانون کے مطابق یوم الوطنی پر ایک دن کی تعطیل ہوتی ہے اس میں سرکاری اور نجی اداروں میں کوئی امتیاز نہیں برتا جاتا تاہم ایک قانون یہ ہے کہ اگر دو چھٹیوں کے درمیان ورکنگ ڈے آجائے تو ایسی صورت میں اسے بھی سرکاری ملازمین کی چھٹی میں شامل کردیا جاتا ہے۔
اس سال یوم الوطنی بدھ 23 ستمبر کو ہے۔ سرکاری اداروں میں جمعہ اور ہفتے کو ہفتہ وار تعطیل ہوتی ہے اس وجہ سے جمعرات 24 ستمبر دو چھٹیوں کے درمیان پڑنے کی وجہ سے چھٹی میں شامل کردیا گیا ہے۔