کورونا سے متاثرہ ادارے کتنے فیصد تنخواہ کم کر سکتے ہیں؟
کورونا سے متاثرہ ادارے کتنے فیصد تنخواہ کم کر سکتے ہیں؟
پیر 14 ستمبر 2020 18:09
متاثرہ ادارے 40 فیصد سے زیادہ محنتانہ کم نہیں کرسکتے۔(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملازمین کی تنخواہوں میں کمی کے امکان کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت سے مقامی شہری نے استفسار کیا تھا کہ کیا سکول، ٹریننگ سینٹر یا کالج کو نئے کورونا وائرس کی وبا کے باعث سٹاف کی تنخواہیں کم کرنے کا اختیار حاصل ہے؟
مقامی شہری نے خاص طور پر نجی سکول کے تدریسی سٹاف کے بارے میں پوچھا کہ کیا وہ اپنے سٹاف کی تنخواہیں کم کرسکتا ہے؟
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ٹو ئٹر پرسوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ قانون محنت کی دفعہ 41 کے بموجب کورونا بحران سے متاثرہ ادارے اپنے سٹاف کی تنخواہ کم کرسکتے ہیں بشرطیکہ اوقات کار بھی کم کردیے جائیں۔
وزارت افرادی قوت نے مزید کہا کہ متاثرہ ادارے حقیقی محنتانے سے 40 فیصد سے زیادہ محنتانہ کم نہیں کرسکتے۔ تخفیف کی انتہائی حد 40 فیصد ہے۔