Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپوزیشن استعفے دے ہم نئے الیکشن کرا دیں گے: شیخ رشید

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنی سیاست کا گلا خود ہی دبا لیا (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں اسمبلیوں سے مستعفی ہوتی ہیں تو ہم نئے الیکشن کرا دیں گے۔
جمعرات کو فیصل آباد ریلوے سٹیشن پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن دھرنا دے گی، استعفے دے گی اور نہ ہی تحریک عدم اعتماد لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو باہر جانے دینا غلطی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ’16 ستمبر کی رات کو تمام اپوزیشن لیڈرز آرمی چیف سے ملے، ملاقات نو بج کر بیس منٹ سے ساڑھے بارہ بجے تک جاری رہی۔‘
شیخ رشید نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمن کی بھی آرمی چیف سے ون آن ون ملاقات ہوئی۔ ’اگر وہ انکار کریں گے تو  میں وقت اور جگہ بھی بتا دوں گا۔‘
مسلم لیگ کے رہنما محمد زبیر کی آرمی چیف سے ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’وقت خود محمد زبیر نے لیا تھا، اس سے قبل 36 سال میں کبھی ان کی آرمی چیف سے ملاقات نہیں ہوئی۔‘
صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے اس سوال کہ ’حکومت کون کر رہا ہے‘ کے جواب میں شیخ رشید نے کہا:’حکومت عمران خان کر رہے ہیں اور فوج کے تعاون سے کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کبھی استعفے نہیں دے گی کیونکہ اسے پتہ ہے کہ سندھ حکومت بھی چلی جائے گی اور پھر نہیں ملے گی۔

شیخ رشید نے ایک بار پھر پیشن گوئی کی کہ ن سے ش لازمی نکلے گی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)

نواز شریف کی اے پی سی میں کی گئی تقریر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’نواز شریف نے اپنی سیاست کا گلا خود ہی دبا لیا ہے۔‘
پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو زرداری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ’میں ان کو جواب دے سکتا ہوں لیکن اخلاق کے دائرے کو کراس نہیں کرنا چاہتا۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں

شیئر: