Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’تقریروں پر زیادہ شادیانے انڈیا میں بجے‘

شبلی فراز نے کہا کہ نواز شریف شفاف انتخابات میں حکومت نہ بننے پر سیخ پا ہیں (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں ہونے والی تقاریر پر سب سے زیادہ شادیانے انڈیا میں بج رہے ہیں۔
پیر کو اسلام آباد میں وفاقی وزرا شبلی فراز، اسد عمر اور فواد چوہدری کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا حزب اختلاف کی جانب سے ہر اس ادارے کو نشانہ بنایا گیا جس سے وہ خائف ہیں۔ اپوزیشن کی مراد اور منزل یہی ہے کہ نیب کو لپیٹ دیا جائے۔
انہوں نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کو تضادات کا مجموعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مایوسی کا پیغام ملا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فوج نے ملک کی سلامتی کے لیے اپنا خون دیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کی اے پی سی میں مولانا فضل الرحمن کی تقریر حکومت نے نہیں پیپلز پارٹی نے روکی۔ وزیراعظم کے حکم پر سب تقریریں نشر کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے انتخابات کے عمل کو مشکوک بنانے کی کوشش کی تاہم تاریخ اور حقائق کچھ اور بتاتے ہیں۔
نواز شریف تین بار وزیر اعظم بنے اور وہ انتخابات ان کی نظر میں درست تھے۔ ’جب وہ الیکشن جیتے تو انتخابات ٹھیک تھے اور جب ہار گئے تو وہ غلط، شاید انہیں شفاف الیکشن کی عادت نہیں۔‘

نواز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس کے موقعے پر کہا تھا کہ ہماری جدوجہد عمران خان کو لانے والوں کے خلاف ہے (فوٹو: اے ایف پی)

نواز شریف شفاف انتخابات کے نتیجے میں ان کی حکومت نہ بن سکنے پر سیخ پا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا وطیرہ رہا ہے کہ چیزیں اس کی مرضی کے مطابق ہوں تو ٹھیک ورنہ غلط، اگر عدالت ان کے حق میں فیصلہ دے تو ٹھیک، خلاف دے تو وہ ٹھیک نہیں ہے۔
شبلی فراز کے بقول نواز شریف چیزوں کو متنازع بنا کر ملک کی خدمت کر رہے ہیں اور نہ ہی جمہوریت کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے نواز شریف کی صحت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ’وہ کسی طور فواد چوہدری سے کم صحت مند نہیں لگ رہے تھے۔‘

آل پارٹیز کانفرس کا انعقاد پیپلز پارٹی نے کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی تقریر پر سب سے زیادہ خوشی انڈیا میں محسوس کی گئی۔
انڈین میڈیا میں ایسی خبریں شائع ہوئیں ’نواز شریف فوج پر حملے کے ساتھ سیاست میں واپس آ گئے۔‘
خیال رہے اتوار کو اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کی میزبانی میں منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں پہلی بار سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی تھی اور تقاریر کی تھیں۔
اے پی سی میں حکومت کے خلاف ’پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ‘ کے نام سے اتحاد قائم کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

شیئر:

متعلقہ خبریں