Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دھاگے اور کیلوں سے تیار کردہ منفرد فن پارے

میرا خواب تھا یوم وطنی پر منفرد شاہکار پیش کروں- فوٹو العربیہ
سعودی فن کار نے دھاگوں اور کیلوں کے ذریعے تجریدی آرٹ کا نیا نمونہ پیش کرکے آرٹ کے حلقوں کو حیران کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق عبدالوھاب الدایل نے جو مارکیٹنگ اور ناول نگاری کے ماہر مانے جاتے ہیں حال ہی میں نیا فن پارہ شاہ سلمان سے متعلق تیار کیا۔ اس میں انہوں نے دھاگے اور کیلیں استعمال کیں۔ یہ کام ایک ماہ میں انجام دیا۔ 154 گھنٹے اس کام پر صرف کیے۔ 

فن پارے میں زیادہ وزن لکڑی اور کیلوں کا ہے- فوٹو العربیہ

الدایل نے بتایا کہ میرا خواب تھا کہ سعودی عرب کے قومی دن 90 کے موقع پر منفرد اور مختلف فن پارہ پیش کروں جو طریقہ  کار میں نے اپنایا ہے وہ بڑا محنت طلب  ہے۔ نفاست کا طلب گار ہے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان کی تصویر تیار کی جس میں وہ قومی پرچم کو چومتے نظر آرہے ہیں۔ دراصل میرے بھائی نے تجویز کیا تھا کہ میں شاہ سلمان کی اس تصویر کو تجریدی آرٹ کے فن پارے کے طور پر پیش کروں۔ دراصل یہ تصویر جب منظر پر آئی تھی تو عوام میں اسے بے حد پذیرائی ملی تھی۔ 

 دھاگوں اور کیلوں کا منفرد انداز سے استعمال کیا ہے- فوٹو العربیہ

الدایل نے بتایا کہ اس تصویر میں نئے رنگ بھرے ہیں۔ سعودی عرب کا نقشہ تیار کیا اور اسے قومی پرچم کے ساتھ فن کارانہ زاویہ نظر اور ہنرمندی سے جوڑا۔ میں اس کےذریعے ہزاروں پیغاات ابنائے وطن کو دینے کا متمنی ہوں۔ اس فن پارے کا حجم 160/120 سینٹی میٹر ہے۔ اس  فن پارے کا وزن بھی زیادہ ہے کیونکہ اس میں موٹی لکڑی استعمال کی گئی ہے جبکہ کیلوں کا وزن بھی شامل ہے۔ 
انہوں نے بتایا کہ یہ سٹرنگ آرٹ کے نام سے معروف ہے۔ بہت سارے فن کاروں نے اس میں کمال پیدا کیا ہے۔ میں نے اسے نئی شکل  اور نئے انداز سے اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔ دھاگوں اور کیلوں کا استعمال کچھ اس انداز سے کیا ہے کہ یہ فن پارہ  سہ زاویوں والی لوح  کے مشابہے بن گیا ہے۔ فن پارے کے کچھ حصوں کو اٹھانے کی کوشش کی ہے۔  

یہ فن ہاؤس آئسولیشن کے دوران سیکھا- فوٹو العربیہ

 اپنی گفتگو کو سمیٹتے ہوئے کہاکہ  یہ فن چھ ماہ کے  دوران سیکھا۔ اس کا صحرا ہاؤس آئسولیشن کے سر جاتا ہے۔ یہ وہ دور تھا جب سماجی تقریبات کی مصروفیات سے آزاد تھا۔ اس طرح میں نے مختلف ذرائع سے سٹرنگ آرٹ سیکھنے کی کوشش کی۔ گزشتہ چھ ماہ کے دوران  5 فن پارے تیار کیے۔ ایک تو اپنی بیٹی کے لیے، دوسرا الہلال کلب کے  کھلاڑی کے لیے تیار کیا- علاوہ ازیں ’نعود بحذر‘ (کام پر واپس ہوں احتیاط کے ساتھ) سلوگن کا فن پارہ تیار کیا- چوتھا فن پارہ ولی عہد محترم  اور پانچواں شاہ سلمان سے متعلق ہے۔ 

 

خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

شیئر: