Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'11 اکتوبرکو کوئٹہ میں اپوزیشن کاجلسہ ہوگا'

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک کاآغاز پورے ملک میں ہوگا (فوٹو:اردو نیوز)
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 11اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسے کا اعلان کیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں متحدہ اپوزیشن کے رہنما شریک ہوئے اور شہباز شریف کی گرفتاری سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا گیا۔
اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شہباز شریف کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس کی شدید مذمت کی گئی۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ڈی ایم تحریک کا آغاز پورے ملک میں ہوگا، ایک تنظیمی ڈھانچہ پارٹی قائدین کو بھیجا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی منظوری دی گئی ہے جو پی ڈی ایم کی تحریک کو آگے بڑھائے گی۔ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بڑے جلسے اور دیگر شہروں میں بھی جلسے ہوں گے۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ 'حکومتی وزراء آئے روز پریس کانفرنسوں میں کہتے ہیں فلاں گرفتار ہوگیا اس سے نیب کی غیر جانبداری کمپرومائز ہوگئی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'پی ڈی ایم سمجھتی ہے کہ۔عوام مشکل کا شکار ہیں، مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔جس طرح کی خارجہ پالیسی چلائی جارہی ہے وہ ملک کی سلامتی کیلئے بھی نیک شگون نہیں ہے۔'

شیئر: