روز ویلٹ ہوٹل منافع بخش کیوں نہیں ہوا: نیب تحقیقات کرے گا
روز ویلٹ ہوٹل منافع بخش کیوں نہیں ہوا: نیب تحقیقات کرے گا
منگل 13 اکتوبر 2020 15:15
قومی احتساب بیورو کے چیئرمین نے نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل بند کرنے کی رپورٹس کا نوٹس لیا ہے۔ فوٹو، روز ویلٹ ویب سائٹ
قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین نے نیویارک میں روز ویلٹ ہوٹل بند کرنے کی رپورٹس کا نوٹس لے لیا ہے۔
چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب راوالپنڈی کو حکم دیا ہے کہ تحقیقات کرکے زمہ دارن کا تعین کریں جنہوں نے اپنے قومی فرائض کی انجام دہی سے مبینہ طور پر کوتاہی برتی اور سو سال سے نیویارک کی مرکزی جگہ پر قائم ہوٹل کو منافع بخش بنانےمیں کردار ادا نہیں کیا۔
نیب کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے پی آئی اے کی ملکیت ہوٹل روز ویلٹ کو بند کرنے سے متعلق خبروں پر نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
نیب کے مطابق تحقیقات میں جائزہ لیاجائے گا کہ قومی اثاثہ روز ویلٹ ہوٹل بندکرنےکی ضرورت کیوں پیش آئی۔
نیب اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ تحقیقات میں ان وجوہات کا بھی جائزہ لیا جائے گا جن سے حکومت پاکستان کو مبینہ طور پر لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہوا اور ان ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا جنہوں نے اپنے قومی فرائض کی انجام دہی سے مبینہ طور پر کوتاہی برتی ۔
گزشتہ ہفتے قومی ائیر لائن پی آئی اے کی ملکیت نیو یارک کے معروف ہوٹل روز ویلٹ نے اعلان کیا تھا کہ وہ مستقل طور پر اپنے دروازے مہمانوں کے لیے بند کر رہا ہے۔
ہوٹل کی ویب سائٹ پر کہا گیا تھا 31 اکتوبر سے ہوٹل مستقل طور پر بند کیا جا رہا ہے تاہم پیغام بعد میں ہٹا دیا گیا۔