سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی نے الجوف ریجن میں متعدد پیشے اور ہنر سعودی شہریوں کے لیے مختص کیے ہیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزیر افرادی قوت نے ٹوئٹر پر بیان میں مقامی شہریوں کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ وزارت گورنریٹوں کے تعاون و اشتراک سے مختلف صوبوں میں سعودی شہریوں کو مختلف پیشوں اور سرگرمیوں میں آگے لارہی ہے۔
اسی تناظر میں الجوف ریجن میں کئی پیشے اور متعدد کام سعودیوں کے لیے مخصوص کر دیے گئے ہیں۔
الراجحی نے کہا کہ کوشش ہے کہ سعودی لڑکیاں اور لڑکے ان شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں۔ لیبر مارکیٹ میں ان کی حصہ داری میں اضافہ ہو اور سعودی شہری پائدار اقتصادی ترقی کی سکیمیں اپنے بل پر نافذ کریں۔