طاہر اشرفی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ مقرر
جمعرات 22 اکتوبر 2020 13:54
طاہر اشرفی قبل ازیں وزیراعظم کے نمائندے برائے مذہبی ہم آہنگی کے طور پر کام کر رہے تھے۔ فوٹو: وزیراعظم آفس
پاکستان علما کونسل کے سربراہ مولانا طاہر محمود اشرفی کو وزیراعظم عمران خان کا نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ مقرر کر دیا گیا ہے۔
طاہر اشرفی پہلے ہی وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
بدھ کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مولانا طاہر اشرفی کی تعینانی کے حوالے سے 29 ستمبر کو جاری ہونے والے اعلامیے میں ترمیم کرکے ان کی عہدے کو وزیراعظم کا نمائندہ خصوصی برائے مذہبی امور اور مشرق وسطیٰ کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد میں اردو نیوز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے پاکستان علما کونسل کے سربراہ مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا تھا کہ وہ چھ ماہ کا ایک منصوبہ لے کر آئے ہیں جس کے تحت عرب اور خلیجی ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے مسائل حل کیے جائیں گے۔
مولانا طاہر اشرفی نے بتایا کہ وہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں اپنا اثر رسوخ استعمال کر کے تعلقات میں بہتری لانے کی کوشش کریں گے جس کا فائدہ وہاں رہنے والے پاکستانیوں کو ہو گا۔
خلیجی ممالک میں اپنے تعلقات کے حوالے سے طاہر اشرفی نے کہا تھا کہ ’میں واحد پاکستانی ہوں جسے او آئی سی کا امن ایوارڈ ملا ہے۔ میرا پہلا ٹارگٹ یہ ہے کہ ہمارے جو پاکستانی خلیجی ملکوں میں ہیں، اسلامی ممالک میں ہیں ان کی جو مشکلات ہیں وہ کیسے کم کرنی ہیں اور ان کا اور وہاں کی حکومت یا لیبر ڈیپارٹمنٹ اور ان کے درمیان فاصلے کیسے کم کیے جائیں۔ جو وہاں ہمارے بڑے بڑے تاجر ہیں، کاروباری لوگ ہیں، پاکستانی جو یہاں کروڑوں ڈالر بھیج رہے ہیں ان کی مشکلات کو کیسے حل کرنا ہے۔‘