لیبیا میں جنگ بندی کا مستقل معاہدہ، سعودی عر ب کا خیر مقدم
لیبیا میں جنگ بندی کا مستقل معاہدہ، سعودی عر ب کا خیر مقدم
ہفتہ 24 اکتوبر 2020 18:53
جمعے کو جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں-( فوٹو العربیہ)
سعودی دفتر خارجہ نے لیبیا میں جنگ بندی کے مستقل معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیبیا کی مشترکہ فوجی کمیٹیوں نے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں جنگ بندی کے دائمی معاہدے پر دستخط کرکے قابل تعریف اقدام کیا ہے۔ سعودی حکومت اس کا خیر مقدم کرتی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ سعودی عرب چاہتا ہے کہ اس معاہدے سے سیاسی اور اقتصادی شعبوں میں مفاہمت کی راہ ہموار ہو۔ لیبیا میں امن و استحکام اور خود مختاری کا نیا عہد شروع ہو اور لیبیا کے برادرعوام خوشحالی کے ماحول سے فائدہ اٹھائی۔
لیبیا کے متحارب فریقوں نے اقوام متحدہ میں پانچ روزہ مذاکرات کے بعد جمعے کو جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کردیے-
لیبیا کی مدد پر مامور اقوام متحدہ کے سفارتی مشن نے فیس بک پر اطلاع دی ہے کہ ’جنیوا میں فائیوپلس فائیو مشترکہ عسکری کمیٹی کے مذاکرات کاروں نے تاریخی کامیابی حاصل کی ہے۔
لیبیا کے متحارب فریقوں نے پورے ملک میں مستقل جنگ بندی کا معاہدہ کرلیا۔ یہ کامیابی لیبیا میں امن و استحکام کے حصول کی جہت میں اہم نکتہ آغاز ہے۔
اقوام متحدہ کے مشن نے اپنے فیس بک پیج پر معاہدے پر دستخط کی تقریب براہ راست دکھائی جو دس منٹ تک جاری رہی۔