Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعتمرنا ایپ سے ساڑھے چھ لاکھ زائرین کو عمرہ پرمٹ جاری

’اعتمرنا ایپ پر 25 لاکھ سے زائد انسٹالیشنز اور 12 لاکھ رجسٹریشنز ہوئی ہیں۔‘ (فوٹو: ایس پی اے)
عمرہ بحالی کے تیسرے مرحلے میں وزرات حج و عمرہ نے 23 اکتوبر تک چھ لاکھ 50 ہزار سے زائد الیکٹرونک عمرہ پرمٹ جاری کیے ہیں، یہ بات وزارت کے ایک عہدیدار نے ایک بیان میں بتائی۔
عرب نیوز کے مطابق یہ عمرہ بحالی کے عمل کے تیسرے مرحلے میں داخل ہونے کے ایک حصے کے طور پر سامنے آیا ہے، جس کے تحت ایک دن  میں 20 ہزار زائرین کورونا سے بچاؤ کے لیے سماجی فاصلے اور دوسرے قواعد کو برقرار رکھتے ہوئےعمرہ ادا کر سکتے ہیں۔
وزارت کے انڈرسیکرٹری ڈاکٹر امر المداح نے جمعہ کو الاخباریہ چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اعتمرنا ایپ پر 25 لاکھ سے زائد انسٹالیشنز اور 12 لاکھ رجسٹریشنز ہوئی ہیں۔

 

المداح کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمرہ کرنے والا کتنی بار نئے پرمٹ کے لیے درخواست دے سکتا ہے اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ مسجد الحرام میں داخلے کے لیے اجازت شدہ تعداد میں کتنے نمبر دستیاب ہیں۔
’عمرہ کی بتدریج بحالی کے منصوبے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ مسجد الحرام میں مخصوص تعداد کو منظم رکھا جائے اس لیے کوئی بھی زائر تب تک دوسری بار کے لیے رجسٹرڈ نہیں ہو سکتا جب تک پچھلے والے کو مکمل نہ کر لے کیونکہ آج عمرہ کے اجازت ناموں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے‘
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے زائرین جن کو عمرہ پرمٹ دے دیے گئے ہیں تاہم بعدازاں ان میں کورونا کی علامات ظاہر ہوئیں یا پھر انفیکٹڈ لوگوں کے ساتھ ان کا واسطہ پڑا، وہ اپنی رجسٹریشن کینسل کروا سکتے ہیں۔
’ابھی تک ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد نے عمرہ ادا کیا ہے اور دو لاکھ سے زائد افراد نے مسجد الحرام میں نماز ادا کی ہے۔ اگر کورونا کیسز میں معقول حد تک کمی نہ آتی تو اتنی تعداد میں لوگ عمرہ ادا کر سکتے تھے نہ ہی مسجد الحرام میں عبادت کر سکتے تھے، اس لیے زائرین جب بھی مقدس مقامات کا دورہ کریں وہ حفاظتی تدابیر پر ضرور عمل  کریں، اس سے صورت حال قابو میں رہ سکتی ہے اور مزید مسلمانوں کو عمرہ کرنے کا موقع مل سکتا ہے۔‘

چوتھا مرحلہ تب شروع ہو گا جب صورت حال مکمل طور پر معمول پر آ جائے گی (فوٹو: ٹوئٹر)

یکم نومبر سے شروع ہونے والے عمرہ بحالی کے تیسرے مرحلے میں باہر سے آنے والے زائرین کو گنجائش کے مطابق عمرہ کرنے کی اجازت دی جائے گی یہ تعداد ایک روز میں 20 ہزار زائرین اور ساٹھ ہزار عبادت کرنے والوں پر مشتمل ہو گی۔
چوتھا مرحلہ تب شروع ہو گا جب صورت حال مکمل طور پر معمول پر آ جائے گی اور کورونا وائرس کا خطرہ دور ہو جائے گا۔
سعودی عرب میں سنیچر کو کورونا وائرس کی وجہ سے 17 اموات سامنے آئیں جس کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد 5281 ہو گئی۔
مملکت میں 395 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 334،552 ہو گئی جن میں 8276
فعال کیس تھے جبکہ سات سو88 کی حالت تشویشناک تھی۔
 وزارت صحت کے مطابق مدینہ میں 85 نئے کیسز سامنے آئے جن میں سے 37 ریاض اور 32 مکہ کے تھے۔
اسی طرح چار سو 17 مزید کورونا مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد مملکت میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 330995 ہو گئی ہے۔

شیئر: