سعودی وزیر احمد الخطیب نے کانفرنس کا افتتاح کیا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر وزارت سیاحت)
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے پیر کو ’ضیافت کا مستقبل‘ کے عنوان سے ہونے والی کانفرنس کا افتتاح کیا ہے۔ اس کا انتظام وزارت سیاحت اور جی 20 جنرل سیکریٹریٹ نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر سیاحت نے افتتاحی خطاب کے دوران کورونا وبا سے دنیا بھر میں پڑنے والے اثرات کو کنٹرول کرنے اور سیاحت کے شعبے کو جمود سے نکالنے کے لیے جی 20 کے ساتھ مل کر کوششوں کا جائزہ پیش کیا۔
وزیر سیاحت نے کہا کہ سال رواں کے شروع سے وبا کے باعث سو ملین افراد ملازمتوں سے محروم ہوگئے۔ اس صورتحال کے پیش نظر جی 20 میں شامل ممالک اور بڑی سیاحتی کمپنیوں نے اعلی سطح پر رابطے کیے اور سیاحت کے شعبے سے منسلک افراد کی ملازمتیں بحال کرنے کے لیے سکیمیں تیار کی گئیں۔ سیاحوں اور شعبہ سیاحت کے عملے کی صحت کے تحفظ کے لیے ضروری انتظامات کیے گئے۔
وزیر سیاحت نے بتایا کہ مملکت نے سمر سیزن کے دوران داخلی سیاحت کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کی ہے اور اس کے حیران کن نتائج سامنے آئے۔ داخلی سیاحوں کے لیے ایسے بہت سے پروگرام ترتیب دیے گئے جو پہلے کبھی نہیں ہوئے تھے۔
عالمی تنظیم سیاحت کے سیکریٹری جنرل زورب پولولیکا شفلی نے کہا کہ ہماری تنظیم نے ریاض کو مملکت کا پہلا ریجنل آفس اپنے یہاں کھولنے کے لیے منتخب کیا ہے۔ العلا لائحہ عمل دیہی علاقوں میں سرمایہ کاری کا بہترین روڈ میپ ہے۔
عالمی تنظیم سیاحت کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سیاحتی ویزے کی بحالی اور کورونا وبا سے باہر نکلتے ہی لاکھوں سیاحوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہے۔
کانفرنس میں چھ ہزار سیاحتی ماہرین وڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کررہے ہیں جبکہ سو سے زیادہ اہم شخصیات خطاب کریں گی۔