پی آئی اے کو القصیم کے لیے ہفتہ وار دو پروازوں کی اجازت
جمعرات 5 نومبر 2020 13:26
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
پی آئی اے کی جانب سے القصیم کے لیے پروازیں چلانے میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی گئی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کو القصیم کے لیے ہفتہ وار دو پروازیں چلانے کی اجازت دے دی ہے۔
ریاض میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سےجاری بیان کے مطابق القصیم سے ملتان کے لیے پہلی پرواز 19 نومبر کو روانہ ہوگی۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پی آئی اے القصیم کے لیے اسلام آباد اور ملتان سے ہفتہ وار دو پروازوں کا آغاز کر رہا ہے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کی پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے ملاقات میں سعودی عرب کے شہر القصیم کے لیے پروازیں چلانے کی درخواست کی تھی۔
القصیم کے لیے پروازوں میں پی آئی اے کیوں دلچسپی لے رہا ہے؟
قصیم سعودی عرب میں پی آئی اے کا پانچواں سٹیشن ہوگا۔ پی آئی اے سعودی عرب کے شہروں دمام، جدہ، ریاض اور مدینہ کے لیے پروازیں چلا رہی ہے جبکہ قومی ایئر لائن کے حکام کی جانب سے سعودی عرب کے شہر القصیم کے لیے پروازیں چلانے میں خاصی دلچسپی ظاہر کی گئی۔
پی آئی اے کی جانب سے القصیم کے لیے پروازیں چلانے کی مختلف وجوہات بتائی جا رہی ہیں۔ جن میں ایک وجہ عمرہ زائرین کے لیے آسانیاں پیدا کرنا بتایا جا رہا ہے۔
پی آئی اے کی سالانہ آمدن کا ایک بڑا حصہ حج اور عمرہ سے حاصل کیا جاتا ہے۔
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ 'پی آئی اے عمرہ یا حج کے لیے زیادہ تر جدہ ایئر پورٹ استعمال کرتا ہے جو کہ دنیا کے مصروف ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے اور حج اور عمرہ کے دنوں میں جدہ ایئر پورٹ پر رش مزید بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے قصیم جدہ ایئر پورٹ سے نسبتاً کم رش والا ہوائی اڈا ہے جس میں زائرین کے لیے بھی آسانی ہے۔'
انہوں نے مزید بتایا کہ جدہ ایئر پورٹ کی طرف جاتے ہوئے پرواز میقات کی حدود سے گزرتا ہے جس کی وجہ سے دوران پرواز ہی احرام باندھنا ضروری ہے، 'القصیم کی پرواز میں احرام دوران پرواز باندھنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ یہ میقات کی حدود سے باہر ہے اور صرف مکہ سے ڈیڑھ گھنٹے کی مسافت پر ہے۔'
اس کے علاوہ جدہ ایئرپورٹ رش کے باعث مہنگا ایئرپورٹ بھی تصور کیا جاتا ہے۔