Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان سمیت عالمی رہنماؤں کی جو بائیڈن کو مبارکباد

نریندر مودی نے جو بائیڈن کا ذکر کیے بغیر نائب صدر کملا ہیرس کو مبارک باد دی (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں صدارتی انتخاب میں جیت پر نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کوعالمی سربراہان مملکت کی جانب سے مبارکباد کے پیغامات دیے جا رہے ہیں۔
پاکستان
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے جو بائیڈن کو مبارک باد دی اور مستقبل میں ان کے ساتھ مل کر افغانستان میں امن کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ 'جو بائیڈن کو فتح مبارک! نومنتخب صدر کے جمہوریت پر عالمی کانفرنس کے انعقاد کے ساتھ کرپٹ رہنماؤں کی جانب سے چوری شدہ قومی دولت چھپانے اورٹیکس چوری کےغیرقانونی ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہوں۔‘
برطانیہ
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بھی جو بائیڈن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 'امریکا ہمارا سب سے اہم حلیف ہے اور میں ماحولیاتی تبدیلی سے لے کر تجارت اور سلامتی تک ہماری مشترکہ ترجیحات پر مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔‘

 

آئرلینڈ
جو بائیڈن کے خاندان کا تعلق آئرلینڈ سے ہونے پر آئرش وزیر اعظم نے ان کو مبارکباد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 'آئرلینڈ جو بائیڈن کے الیکشن میں فتح پر فخر محسوس کرتا ہے جس طرح ہم آئرش خواتین اور اور مرد اور ان کے آباؤ اجداد کی نسلوں پر فخر کرتے ہیں جن کی محنت اور صلاحیت نے تنوع کو تقویت بخشی جو امریکا کو قوت فراہم کرتی ہے'
انڈیا
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جو بائیڈن کا ذکر کیے بغیر ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نائب صدر کملا ہیرس کو مبارک باد دی اور ان ہی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'آپ کی کامیابی نہ صرف راستے آسان کرے گی بلکہ تمام انڈین امریکیوں کے لیے بھی بہت فخر کی بات ہے، مجھے یقین ہے کہ بھارت، امریکہ تعلقات آپ کی حمایت اور قیادت سے مزید مضبوط ہوں گے۔‘
اسرائیل
اے ایف پی کے مطابق اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے بھی جو بائیڈن کو مبارکباد دی ہے اور انہیں ’اسرائیل کا عظیم دوست‘ کہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں آپ دونوں (جو بائیڈن، کملا ہیرس) کے ساتھ کام کرنے کا خواہشمند ہوں تاکہ اسرائیل اور امریکہ کے درمیان اتحاد کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔‘
جرمنی
جرمن چانسلر انجیلا مارکیل نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'اگر ہم اپنے وقت کے بڑے چیلنجز پر عبور حاصل کریں تو ہماری عبوری دوستی ناقابل واپسی ہے۔‘
کینیڈا
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ وہ موسمیاتی تبدیلی سمیت نئی انتظامیہ کے ساتھ 'دنیا کے سب سے بڑے چیلینجز' سے نمٹنے کے منتظر ہیں جس پر متعدد ممالک ٹرمپ کی مخالفت کر رہے ہیں۔‘

شیئر: