Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا میں مبتلا ذیابیطس کے مریضوں کے لیے خصوصی دوا کی تیاری

اس دوا پر آزمائشی کام 29 ستمبر سے شروع ہو چکا ہے۔ (فوٹو گلف نیوز)
امارات میں صحت کی حفاظت سے متعلقہ معروف کمپنی مبادلہ ہیلتھ کیئرنے انکشاف کیا ہے کہ برطانوی دوا ساز کمپنی کے ساتھ مل کر دوا کی آزمائش کی جارہی ہے۔
اس دوا کے سبب ذیابیطس کے مریضوں کو کورونا وائرس کے مرض کے اثرات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
عرب نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں  مبادلہ ہیلتھ کیئر برطانیہ کی  مختلف دوائیوں اور صحت کی دیکھ بھال سے متعلق اشیا   کی ریگولیٹری ایجنسی کے ذریعہ منظور شدہ مدافعتی دواکے لیے مالی اعانت کررہی ہے۔

مبادلہ ہیلتھ کیئر کی مالی اعانت تحقیق کی رفتار کو تیز کرنے میں مدد دے گی۔(فوٹو ٹوئٹر)

مبادلہ ہیلتھ کیئر کے مطابق آزمائشی طور پر تیار کی جانے والی  یہ خاص قسم کی دوا ہے جس سے کورونا میں مبتلا ذیابیطس کے مریضوں کو مدافعتی نظام میں مدد ملے گی۔
اس دوا  پر آزمائشی کام 29 ستمبر سے شروع ہو چکا ہے۔  دوا کا استعمال ان مریضوں پر کیا جا رہا ہے جو کورونا وائرس کی علامات کے باعث ہسپتال میں داخل ہیں۔
مبادلہ ہیلتھ کیئر کے سربراہ عبد اللہ عبد العزیز الشمسی نے بتایا  ہے کہ  ہمارے ملک میں  10 لاکھ سے زیادہ افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں۔

کمپاونڈ  میں شوگر کے مریضوں کی کورونا سے حفاظت کی صلاحیت موجود ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

انہوں نے مزید کہا کہ  کورونا وائرس کے اثرات کو کم کرنے کے قابل بنانے اور مقامی اور بین الاقوامی کوششوں کی مدد کے لئے درکار وسائل کی فراہمی کے لئے مبادلہ ہیلتھ کیئر نے  مالی اعانت کی ہے جو اس وبائی مسئلہ کے حل کا باعث بنے گی۔
یہ کمپنی ایکسیلبر میڈیسن لمیٹڈ (ای ایم ایل) اور کئی دیگر نجی شراکت داروں کے ساتھ  مل کر دواوں کی تحقیقی گرانٹ میں حصہ ڈال رہی ہے۔
ابتدائی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ اس کمپاونڈ  میں ذیابیطس کا شکار افراد کی صحت کی حفاظت کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

ملک میں 10 لاکھ سے زیادہ افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں۔(فوٹو گلف نیوز)

برطانیہ کی ایکسیلبر میڈیسن لمیٹڈ (ای ایم ایل) کے بانی  سر کرس ایونس نے کہا مبادلہ ہیلتھ کیئر اور ہمارے دوسرے شراکت داروں کی مالی اعانت ہمیں اس تحقیق کی رفتار کو تیز کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا  کہ  ہمیں آنے والے کچھ وقت کے لئے اس وائرس کے ساتھ زندگی گزارنی ہے۔
اگریہ آزمائشی  مرحلہ کامیاب رہا  تو  کمپاؤنڈ کو  ڈاکٹروں  کے ذریعہ ذیابیطس کے ایسے مریضوں کے لئے تجویز کیا جاسکتا ہے جو کورونا  وائرس کی ابتدائی علامات ظاہر کرتے ہوں۔
 

شیئر: