Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان: سکول دوبارہ بند ہو رہے ہیں؟

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران پاکستان میں کورونا سے 21 اموات رپورٹ ہوئی (فوٹو: اے پی)
تعلیمی اداروں میں کورونا  کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔
وزارت تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے طلب کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس کے ممبرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق بین الصوبائی وزرائے تعلیم اجلاس 16 نومبر کو 11 بجے این سی او سی میں ہوگا۔
اجلاس میں کورونا کیسز کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔
اس سے قبل نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کو بدھ کی صبح ہونے والے اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ سکولوں میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اس ٹرینڈ کو روکنے کی ضرورت ہے۔
اس کے بعد این سی او سی نے فیصلہ کیا کہ 16 نومبر کو وفاقی وزیر تعلیم این سی اور سی میں صوبائی وزرائے تعلیم کے ساتھ خصوصی اجلاس کی صدارت کریں گے جس کے دوران تعلیمی اداروں میں کورونا کے مثبت کیس کے رجحان اور درپیش صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔  
فورم کے مطابق میٹنگ کے دورونا مشورے کے بعد اس حوالے سے تجاویز کو صوبوں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا تاکہ وہ ان تجاویز اور اقدامات پر عمل درآمد کروائیں۔
این سی او سی نے تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز میں اضافے کے رجحان کے پیش نظر سردویوں کی چھٹیاں جلدی کرنے کی تجویز دے دی۔
بدھ کی صبح نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 708 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد پاکستان میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد تین لاکھ 48 ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 21 اموات رپورٹ ہوئی ہیں جس سے کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد سات ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ پاکستان میں اس وقت کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 21 ہزار سے زائد ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کی حالیہ لہر کے دوران کورنا وائرس کی تشخیص کا تناسب بھی بڑھا ہے۔
این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیے گئے 31 ہزار 989 ٹیسٹوں کے بعد رپورٹ مثبت آنے کا تناسب پانچ اعشاریہ تین فیصد ہو چکا ہے۔

شیئر: