وٹامن سی قوت مدافعت کاذریعہ، پر حاصل کیسے کیا جاسکتا ہے؟
وٹامن سی قوت مدافعت کاذریعہ، پر حاصل کیسے کیا جاسکتا ہے؟
جمعہ 13 نومبر 2020 6:17
میٹھے اور رسیلے مالٹے وٹامن سی کا ذخیرہ ہیں (فوٹو: انسپلیش)
وٹامن سی کے بہت سارے فوائد ہیں۔ یہ نہ صرف قوت مدافعت بڑھاتا ہے بلکہ مجموعی صحت کو بھی برقرار رکھتا ہے۔
موجودہ صورت حال میں بھی طبی ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ قوت مدافعت کو مضبوط رکھا جائے اور وٹامن سی قوت مدافعت کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی ویب سائٹ پر شائع ایک مضمون کے مطابق مضبوط قوت مدافعت سانس کے مسائل کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ سانس کی تکلیف کورونا وائرس کی ایک بڑی علامت ہے۔
نیوٹریشن جرنل میں شائع ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ وٹامن سی متاثرہ افراد کے علاج میں مدد کر سکتا ہے۔ سانس سے متعلق تکلیف کو کم روکنے کے علاوہ وٹامن سی پھیپھڑوں کی صحت کو بھی بہتر کرتا ہے۔
موسم سرما کے یہ چھ پھل روزانہ کی بنیاد پر وٹامن سی مہیا کر سکتے ہیں۔
مالٹا
سردیوں کا آغاز ہو چکا ہے اور اب آپ میٹھے اور رسیلے مالٹوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ مالٹوں میں وٹامن سی کا ذخیرہ ہے۔ اس میں فائبر اور اینٹی آکسیڈنٹ بھی موجود ہے جو قوت مدافعت کو بڑھاتے ہیں۔ یہ آنتوں کے لیے بھی بہتر ہے۔
امرود
مزیدار امرود کے ساتھ اگر کالا نمک اور سرخ مرچ استعمال ہو تو مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔ امرود میں قابل ذکر غذائی اجزا پائے جاتے ہیں۔ اس سے وزن بھی کم ہوتا ہے۔ یہ قوت مدافعت بڑھاتا ہے اور ذیابیطس کو بھی کنٹرول کرتا ہے۔
انار
انار کو چاٹ یا سلاد میں استعمال کریں یا اس کو خالص ہی کھائیں یہ کٹھا میٹھا پھل مزے دار ہوتا ہے۔ اس کے رسیلے سرخ موتی جیسے دانے غذایئت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ انار وائرسز کے خلاف قوت مدافعت بڑھاتا ہے۔
سٹرابیری
سٹرابیری وٹامنز، فائبر، اینٹی آکسڈینٹ اور منرلز سے مالا مال ہے۔ اس میں زیرو کولیسٹرول، کیلوری اور فیٹ ہوتے ہیں۔
کیوی
کیوی سردیوں کا ایک حیرت انگیز پھل ہے۔ امریکی محکمہ زراعت یو ایس ڈی اے کے اعدادوشمار کے مطابق محض سو ملی گرام کیوی 74.7 گرام وٹامن سی مہیا کرتا ہے، اگر آپ صحت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو اس کو روزمرہ کی غذا میں شامل کریں۔
انگور
انگور کے مزیدار ذائقے کے علاوہ یہ غذائی اجزا کا خزانہ ہے۔ اس سے مدافعتی نظام بہتر ہوتا ہے اور یہ جسم سے فاضل مادوں کے اخراج میں بھی مدد کرتا ہے۔