’قطر ملازمین سے بدسلوکی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے‘
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ اصلاحات کے نفاذ کے لیے قطر کو مزید کام کرنا ہوگا (فوٹو: اے ایف پی)
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے قطر کو ملازمین کے ساتھ بدسلوکی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے اور لیبر اصلاحات کو نافذ کرنا چاہیے۔
عرب نیوز کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم نے ایک رپورٹ میں خبردار کیا ہے کہ تارکین وطن کو اجرت، انصاف تک رسائی اور استحصال سے تحفظ دینے کے لیے قطر کو مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قطر نے بڑی اصلاحات متعارف کرائی ہیں جن میں بہتر اجرت اور انصاف تک رسائی شامل ہیں، لیکن ان اصلاحات کو نافذ کرنے کے لیے بہت کم کام کیا گیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے معاشی اور سماجی انصاف کے سربراہ سٹیو کوک برن نے کہا ہے کہ قطر کو قانون سازی کے نفاذ کے لیے مزید کام کرنا ہوگا جو لوگوں کی زندگیوں پر ٹھوس اثر ڈالے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ اصلاحات سے متعدد تارکین وطن مستفید نہیں ہو پائے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملازمین سے بدسلوکی کی نشاندہی کے لیے معائنے کے نظام کی بھی کمی ہے۔
سٹیو کوک برن کے مطابق آمدنی اور قانونی حیثیت کو خطرے میں ڈالے بغیر یہ ملازمین کے لیے چیلنجنگ ہے کہ وہ شکایت درج کریں۔
اس رپورٹ میں، جو 2022 میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ سے پہلے جاری کی گئی ہے، قطر پر زور دیا گیا ہے کہ تارکین وطن مزدوروں کے حقوق کا احترام کرے۔