Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکان کی تعمیر: تارکین وطن کو حاصل مراعات کیا؟

سٹیٹ بینک بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مارک اپ پر سبسڈی فراہم کر رہا ہے. فوٹو سوشل میڈیا
ایسے افراد جو بیرون ملک مقیم ہونے کے باوجود پاکستان میں اپنا گھر بنانا چاہتے ہیں یا یہاں رہائشی پلاٹس خریدنا چاہتے ہیں، ان کے لیے گھروں کے سرکاری منصوبے ’نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم ‘ کے لیے بھی آسان شرائط پر قرضے فراہم کرنے کے اقدامات کیے گیے ہیں۔
پاکستان کے مرکزی سرکاری بنک ’سٹیٹ بینک آف پاکستان‘  کے ترجمان عابد قمر نے اردو نیوز کو بتایا کہ سستے مکانات کی خریداری اور تعمیر کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مارک اپ پر سبسڈی فراہم کیا جا رہا ہے، جس میں وہ افراد جو پہلی بار اپنا مکان تعمیر کر رہے ہیں یا خرید رہے ہیں انہیں آسان اقساط اور کم مارک اپ ریٹ پر قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ 
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انتخابی مہم کے دوران پچاس لاکھ گھر تعمیر کرنے کا وعدہ کیا تھا جس کے تحت مختلف شہروں میں پائلٹ پراجیکٹس جاری ہیں۔ جن میں پانچ سے دس مرلے کے مکان آسان اقساط پر فراہم کیے جائیں گے جب کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے مکان خریدنے یا تعمیر کرنے کے لیے قرضے دینے کی سہولت بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے۔

 


ترجمان سٹیٹ بینک کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کےتحت بھی تارکین وطن کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ فوٹو فری پک

عابد قمر کے مطابق مارک اپ کی اس سکیم کے تحت زیادہ سے زیادہ بیس سال تک 30  لاکھ روپے سے 60  لاکھ روپے تک کے قرضہ جات فراہم کیے جائیں گے جس میں مارک اپ کی شرح پہلے پانچ سال کے لیے 5 فیصد ہو گی۔ 
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے تحت بھی سرمایہ کاری کے مواقع
ترجمان سٹیٹ بینک کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے متعارف کروائے گئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کےتحت بھی ریئل سٹیٹ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ 
انہوں نے کہا کہ روشن ڈیجیٹل اکاونٹس کے تحت ریئل سٹیٹ کے مختلف منصوبوں میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مراعات دی جائیں گی جس پر تیزی سے کام جاری ہے اور آئندہ چند ہفتوں میں سکیم کو متعارف کروا دیا جائے گا۔ 
جس کے تحت ہاؤسنگ سوسائیٹیز کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک کیا جائے گا اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے سرمایہ کاری کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کومراعات فراہم کی جائیں گی۔ 
اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم کی گئی اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کی جانب سے بھی آسان اقساط پر پلاٹ اور گھر فراہم کرنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ 
او پی ایف کے ڈائیریکٹر ویلفئیر اینڈ سروس ڈویژن مصطفٰی حیدر کے مطابق او پی ایف بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے محدود نرخوں پر پلاٹ اور مکان خریدنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں