مملکت کے تمام شہروں میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی تفتیشی ٹیموں نے کورونا حفاظتی تدابیر پر عمل نہ کرنے پر 14 اداروں کے خلاف چالان وزارت داخلہ کو ارسال کردیئے ہیں۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے ویب نیوز ’اخبار 24 ‘ کا کہنا ہے کہ اتھارٹی کی تفتیشی ٹیموں نے کورونا کے حوالے سے جاری احتیاطی تدابیر کویقینی بنانے کےلیے جامع انداز میں کام کرتے ہوئے مملکت کے تمام شہروں اور قصبوں میں مخصوص ٹیمیں مقرر کررکھیں۔
مقررہ ٹیموں نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران مختلف شہروں اور قصبوں میں تجارتی اداروں ، شاپنگ سینٹرز ، مالز و دیگر صنعتی اداروں میں 2 لاکھ 70 ہزار سے زائد دورے کیے تاکہ کورونا وائرس کے حوالے سے جاری کی جانے والی احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنایاجاسکے۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مختلف شہروں میں قائم ایسے 14 تجارتی اداروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی ہے جہاں کی انتظامیہ کی جانب سے کارکنوں کو ماسک اور دیگر ضوابط پر عمل نہیں کرایا جارہا تھا۔
مذکورہ اداروں میں کارکنوں کے لیے نہ تو سینیٹائزز فراہم کیا گیا تھا اور نہ ہی آنے والوں کا جسمانی درجہ حرارت چیک کرنے کے لیے افراد کو متعین کیا تھا جبکہ ان اداروں میں کام کرنےوالوں کو ماسک کی پابندی بھی نہیں کرائی جارہی تھی۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کیجانب سے وزارت داخلہ کو مذکورہ اداروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی ہے ۔
یاد رہے سعودی وزارت صحت کی جانب سے کورونا سے بچاو کےلیے احتیاطی تدابیر کی مد میں تجارتی اداروں اور شاپنگ مالز کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وہاں آنے والوں کا جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے کےلیے اہلکار متعین کریں علاوہ ازیں مرکزی دروازے پر سینیٹائزر فراہم کریں تاکہ ہر آنے والا ادارے میں داخل ہونے سے قبل سینیٹائزر استعمال کرے ایسے نہ کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔