Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سابق آئی ایس پی آر سربراہ آصف غفور لیفٹیننٹ جنرل بن گئے

ترقی پانے والوں میں سابق ڈی جی آئی ایس پی آر آصف غفور بھی شامل ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان آرمی نے چھ میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرلز کے عہدے پر ترقی دے دی ہے۔
بدھ کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ترقی پانے والے جنرلز میں میجر جنرل حسن اظہر، میجر جنرل اظہر حیات، میجر جنرل آصف غفور، میجر جنرل سلیم فیاض غنی، میجر جنرل سرفراز علی خان اور میجر جنرل محمد علی شامل ہیں۔
ترقی پانے والے آصف غفور پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ رہے ہیں۔ 
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور کو انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی تعینات کیا گیا ہے۔
رواں برس جنوری میں میجر جنرل آصف غفور کی جگہ میجر جنرل بابر افتخار کو پاکستان کی فوج کا نیا ترجمان مقرر کیا گیا تھا۔ 
مسلح افواج کے سابق ترجمان میجر جنرل آصف غفور اپنی حاضر جوابی اور حس مزاح کے حوالے سے بھی خبروں میں رہے تاہم ان کی چند ٹویٹس اور جملے متنازع بھی رہے۔
ان کی کچھ ٹویٹس دنیا بھر میں مشہور ہوئیں تو کچھ باقاعدہ سول ملٹری تعلقات کے لیے حوالہ بن چکی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عبدالعزیز کو کور کمانڈر لاہور، لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف کو کور کمانڈر ملتان، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو کور کمانڈر کراچی تعینات کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل خالد ضیا کور کمانڈر بہاولپور،لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کمانڈر سدرن کمانڈ، لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کمانڈر اے ایس ایف سی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان کو انسپکٹر جنرل آرمز تعینات کیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل سردار حسن اظہر حیات ملٹری سیکرٹری جبکہ لیفٹیننٹ جنرل سید محمد عدنان کی بطور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیو ایشن تعیناتی ہوئی ہے۔

شیئر: