Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں کورونا سے بچاؤ کا طبی کیمپ، ایک لاکھ سے زائد افراد مستفید

937 پر کال کرکے کورونا کے بارے میں رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے قائم کیے جانے والے طبی کیمپ جسے ’تطمن‘ کا عنوان دیا گیا ہے سے مکہ مکرمہ میں ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد مستفید ہوئے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق وزارت صحت نے کورونا وائرس کی وبا کا آغاز ہوتے ہی ہنگامی بنیادوں پر کام کیا۔
مملکت کے تمام شہروں میں وزارت صحت نے مختلف کیمپس قائم کیے جہاں کورونا وائرس کے حوالے سے نہ صرف لوگوں کو اہم معلومات فراہم کی جاتی ہیں بلکہ کورونا ٹیسٹ اور ادویات کا بھی مفت بندوبست کیا گیا۔
مکہ مکرمہ میں صرف ’تطمن ‘ کیمپ سات علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں جو 24 گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن کا م کرتے ہیں۔

کیمپ 24 گھنٹے خدمت انجام دیتے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)

مکہ مکرمہ شہر میں صرف تطمن کیمپوں سے رجوع کرنےوالوں کی تعداد ایک لاکھ 18 ہزارسے زائد رہی جبکہ کورونا ٹیسٹ سینٹر اس کے علاوہ ہیں۔
واضح رہے کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے سعودی حکومت کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے وزارت صحت نے مثالی خدمات انجام دیں جن کی وجہ سے ہی سعودی عرب اور یہاں رہنے والے عوام کورونا سے قدرے محفوظ ہیں۔
جہاں دنیا بھر میں کورونا کی دوسری اور تیسری لہر کی خبریں زیر گردش ہیں وہاں سعودی عرب میں کورونا کیسزمیں نمایاں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
وزارت صحت کے زیر انتظام مملکت کے تمام شہروں میں کورونا ٹیسٹنگ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے موبائل ایپس لانچ کی گئیں جن میں ’صحتی‘ ایپ کے ذریعے کوئی بھی شخص جسے یہ خدشہ ہوکہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہوچکا ہے یا اسے گلے میں درد ، بخار، سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہووہ اپنی سہولت کے مطابق وقت مقررہ کرکے ’صحتی‘ کے کیمپ سے ٹیسٹ کراسکتا ہے۔
کورونا ٹیسٹ کرانے کی کوئی فیس نہیں یہ بالکل مفت کیاجاتا ہے۔
جہاں ’تطمن‘ کلینکس میں کورونا کےمریضوں کے لیے علیحدہ سے انتظام کیا گیا ہے جہاں آنے والے مریضوں کا طبی معائنہ کرنے کے بعد انہیں درکار ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر موبائل پر اطلاع دی جاتی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

تطمن کلینک کا دوسرا شعبہ کورونا ٹیسٹ کے لیے مخصوص ہے جہاں 24 گھنٹے کے دوران کسی بھی وقت بغیر پیشگی ٹائم لیے ہر کوئی جا کر اپنا چیک اپ کرا سکتا ہے۔
کورونا کی رپورٹ اس شخص کے موبائل پر 72 گھنٹے کے اندر ارسال کردی جاتی ہے ۔ ٹیسٹ مثبت آنے پر اسے گھر میں ہی آئسولیٹ ہونے کی ہدایت جاری کی جاتی ہے اس دوران وزارت صحت کے ٹول فری نمبر 937 کے ذریعے ٹیلی فون کرکے مریض کے بارے میں مکمل تفصیلات حاصل کی جاتی ہیں اوراسے مرض کی نوعیت و درجہ بندی کے مطابق ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔

شیئر: