جازان میں کورونا معائنے کے لیے 9 مراکز مختص
’شہری و غیر ملکی اطمینان حاصل کرنے کے لیے ان مراکز سے رجوع کر سکتے ہیں۔‘ ( فوٹو: سبق)
جازان محکمہ صحت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی سہولت کے لیے کورونا معائنے کے نو مراکز مختص کردیے ہیں۔
محلوں کی سطح پر مختص کیے جانے والے مراکز ’تطمن‘ پروگرام کے تحت کھولے گیے ہیں جس میں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو یہ سہولت دی گئی ہے کہ وہ پیشگی وقت لیے بغیر جب چاہیں اطمینان حاصل کرنے کے لیے کورونا کا معائنہ کرواسکتے ہیں۔
محکمہ صحت جازان نے کہا ہے کہ ’کورونا معائنے کے لیے جن مراکز کو مختص کیا گیا ہے ان میں سے الخشابیہ، مخطط خمسہ، صبیا، خبت الخارش، ابو عریش، مطعن، ضمد الجنوبی، عیدابی اور الاحد شامل ہیں‘۔
’یہ مراکز 24 گھنٹے خدمات فراہم کریں گے، یہاں ہفتہ کے سات دن کام ہوگا، یہاں کورونا کے معائنے کے لیے خصوصی کاؤنٹر کھولے گیے ہیں۔‘
محکمے نے کہا ہے کہ ’مذکورہ محلوں کے رہائشیوں کے علاوہ دیگر محلوں کے رہائشی بھی جب کبھی کورونا کی علامات محسوس کریں یا انہیں اپنی صحت کے متعلق شک ہو جائے تو وہ اطمینان حاصل کرنے کے لیے ان مراکز سے رجوع کرسکتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ اس کے مراکز مکہ میں بھی مختص کیے گیے ہیں۔ وزارت صحت نے کہا ہے کہ تمام شہروں میں کورونا معائنے کے مراکز مختص کیے جائیں گے۔