مکہ میں کورونا معائنے کے لیے 5 مراکز مختص
’صحت کے مراکز دن کے 24 گھنٹے اور ہفتہ کے 7 دن کھلے رہیں گے‘ ( فوٹو: واس)
مکہ میں وزارت صحت نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی سہولت کے لیے کورونا کے معائنے کے پانچ صحت کے مراکز مختص کر دیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے کہا ہے کہ ’صحت کے مراکز مختلف محلوں میں قائم ہیں جو دن کے 24 گھنٹے اور ہفتہ کے تمام دن کام کریں گے۔‘
’مراکز سے رجوع کرنے کے لیے پیشگی وقت لینے کی ضرورت نہیں، یہاں فوری طور پر کورونا کا معائنہ کیا جائے گا۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’کسی بھی شہری یا غیر ملکی کو شک ہوجائے یا جسم کے درجہ حرارت میں اضافہ ہو جائے یا کورونا کی دیگر علامتیں ظاہر ہوں تو اطمینان حاصل کرنے کے لیے وہ ان مراکز سے رجوع کرسکتا ہے۔‘
’مکہ مکرمہ کے جن میں محلوں میں یہ مراکز قائم ہیں وہ الخالدیہ، المنصور، شرائع الجاہدین، حدا اور ابو عروہ کے صحت کے مراکز ہیں‘۔
’ان مراکز سے مذکورہ محلوں کے رہائشی رجوع کرسکتے ہیں اور وہ لوگ بھی جو ان محلوں کے رہائشی نہیں۔‘
’مذکورہ مراکز میں خصوصی کاؤنٹر ’تطمن‘ یعنی اطمینان حاصل کریں، کھولے گئے ہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’اس طرح کے صحت مراکز دیگر شہروں میں بھی کھولے جائیں گے تاکہ ہر شہر کے رہائشی بڑے مراکز یا ہسپتالوں میں جانے کی زحمت سے بچ جائیں۔‘