Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: علامتیں ظاہر ہونے پر تاخیر نہ کریں

ٹیسٹ سے لے کرعلاج تک تمام سہو لتیں مفت مہیا ہوں گی (فوٹو: ایس پی اے)
 سعودی وزارت صحت نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے پھر اپیل کی ہے کہ جو شخص بھی اپنے اندر یا اپنے کسی عزیز، ادارے یا دوست یا ہمسائے میں کورونا وائرس کی علامتیں محسوس کرے پہلی فرصت میں سرکاری یا نجی ہسپتال سے رجوع کرکے کورونا ٹیسٹ کا اہتمام کیا جائے۔
 وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مقامی شہری ،غیرملکی یا جو غیرقانونی طور پر سکونت پذیر ہوں ان میں سے ہر ایک کو ٹیسٹ سے لے کر علاج تک تمام سہولتیں مفت ہوں گی۔ غیرقانونی تارکین سے ان کی شناختی دستاویز تک طلب نہیں کی جائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کے کیسز ریکارڈ پر آرہے ہیں کہ سعودی ہوں یا غیرملکی کورونا وائرس کی علامتیں نظر آنے کے باوجود ہسپتال جانے میں ہچکچا رہے ہیں۔

جو شخص بھی علامات محسوس کرے پہلی فرصت میں ٹیسٹ کرالے (فوٹو: ایس پی اے)

وزارت صحت کے مطابق ایک سعودی شہری نے کورونا وائرس کی علامتیں محسوس کی تھیں لیکن بروقت ٹیسٹ نہیں کرایا۔ جب صورت حال بگڑ گئی تو ہسپتال سے رجوع کیا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ مقامی شہری کو فوری طور پر انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل کرنا پڑا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پورے ملک میں کورونا ٹیسٹ کلینکس چوبیس گھنٹے کھلے ہوئے ہیں۔ ان سے رجوع کرنے کے لیے ’تطمن‘ ایپ جاری کی جا چکی ہے۔ ان کلینکس کو تطمن کلینکس کا نامدیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی مدد سے بار بار کہا جا رہا ہے کہ جو شخص بھی اپنے اندر کورونا وائرس کی علامات محسوس کرے پہلی فرصت میں تطمن کلینکس سے رجوع کرکے کورونا ٹیسٹ کرالے۔

شیئر: