پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے سٹریٹیجک تعلقات ہیں اور اگلے ایک دو ماہ میں سعودی عرب سے ایک اعلیٰ شخصیت پاکستان کا دورہ کرے گی جس کے بعد پاکستان سے بھی اعلیٰ سطح کا دورہ ہوگا۔
اسلام آباد میں ایک تقریب کے بعد اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ ’میرے خیال میں دو برادر ممالک میں تعلقات سٹریٹیجک نوعیت کے ہیں۔ تعلقات آگے بڑھ رہے ہیں اور بہت گہرے ہیں۔ انشااللہ ایک یا دو ماہ بعد سعودی عرب سے پاکستان اعلیٰ سطح پر دورے کا امکان ہے اور اسی طرح پاکستان سے بھی سعودی عرب اعلیٰ سطح کا دورہ ہو گا۔‘
مزید پڑھیں
-
سعودی سفیر کی پاکستانی وزیر دفاع سے ملاقاتNode ID: 503641
-
پاکستانیوں کو سعودی عرب سے واپس نہیں بھیجا جا رہا: سعودی سفیرNode ID: 523651
انہوں نے کہا اطمینان کی بات یہ ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات حکومتوں کی سطح سے بھی پہلے عوام کی سطح پر موجود ہیں۔
ان سے سوال کیا گیا کہ کہ کیا سعودی عرب پاکستان میں سی پیک کے کسی پراجیکٹ میں دلچسپی رکھتا ہے تو انہوں نے اس بارے میں مثبت عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پر بھی غور کیا جائے گا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ثقافتی تعلقات کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک اور سعودی سرکاری ٹی وی کے درمیان پہلے ہی بڑے پیمانے پر تعاون جاری ہے۔
ان کا اشارہ ماضی میں پاکستان ٹی وی کے مشہور ڈراموں کی عربی ڈبنگ کر کے انہیں سعودی ٹی وی پر نشر کرنے اور سعودی مواد کی پاکستانی ٹی وی پر نشریات کے متعلق تھا جس پر کافی حد تک پیش رفت ہو چکی ہے۔
