کورونا ویکسین مملکت میں کب دستیاب ہوگی؟
عالمی منطوری ملتے ہی ویکسین سعودی عرب میں مہیا ہوگی۔(فوٹو سبق)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ عالمی منطوری ملتے ہی کورونا ویکسین سعودی عرب میں مہیا ہوگی۔ ہمیں اس بات کا انتظار ہے کہ ویکسین کو عالمی منظوری حاصل ہو اور بین الاقوامی سطح پر اس کے ٹیسٹ کامیاب ہوجائیں۔
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پھر انتباہ کیا کہ اگر احتیاط نہ برتی گئی تو کورونا کی وبا پلٹ کر وار کرسکتی ہے اور کئی ملکوں میں ایسا ہوچکا ہے۔
الربیعہ نے بتایا کہ سعودی عرب پہلی فرصت میں کورونا ویکسین فراہم کرنے کے لیے مستعد ہے۔ انتظار اس بات کا ہے کہ ویکسین ہر طرح سے محفوظ ہو۔ سعودی قیادت مختلف ملکوں میں ویکسین کی تیاری کی کوششوں پر نظر رکھے ہوئے ہے جب بھی محفوظ ویکسین مہیا ہوگی سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو مہیا کردی جائے گی تاہم ایسا کب ممکن ہوگا اس کی تاریخ متعین نہیں کی جاسکتی۔
سعود ی وزیر صحت نے مزید کہا کہ مملکت میں کورونا کے نئے کیسز کم ہورہے ہیں۔ اللہ نہ کرے کہ کورونا کی وبا پلٹ کر وار کرے۔ سب لوگ حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ سماجی فاصلے کا احترام کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ احتیاطی تدابیر کی پابندی ہی کورونا کی وبا کے پلٹ کر وار کرنے کے سنگین نتائج سے بچانے کی واحد ضمانت ہے۔
باخبر رہیں، اردو نیوز کو ٹوئٹر پر فالو کریں