ماہرہ خان کو کورونا: ’فلمیں تجویز کریں‘
اتوار 13 دسمبر 2020 12:02
ماہرہ خان نے لکھا کہ ’میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، میں خود کو آئسولیٹ کر رہی ہوں‘ (فوٹو:سوشل میڈیا)
’ہمسفر‘ ڈرامے سے شہرت حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔
ماہرہ خان نے اتوار کو انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو اس خبر سے آگاہ کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’میرا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، میں خود کو آئسولیٹ کر رہی ہوں اور میں نے ان تمام لوگوں کو بھی اس حوالے سے آگاہ کر دیا ہے جو گذشتہ چند دنوں میں مجھ سے رابطے میں رہے۔‘
بالی وڈ کے کنگ خان کے ساتھ فلم ’رئیس‘ میں ڈبیو کرنے والی اداکارہ ماہرہ خان نے مزید لکھا کہ ’یہ مشکل (وقت) ہے لیکن جلد ٹھیک ہو جائے گا انشااللہ۔‘
انہوں نے اپنے مداحوں سے ماسک پہننے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’براہ مہربانی ماسک پہنیے اور دیگر ایس او پیز پر عمل کیجیے، اپنے لیے اور دوسروں کے لیے۔‘
ماہرہ خان نے اپنے فالوؤرز سے دعاؤں کے ساتھ ساتھ قرنطینہ میں وقت گزارنے کے لیے اچھی فلمیں تجویز کرنے کا بھی کہا ہے۔
شوبز انڈسٹری کی مشہور شخصیات سمیت سوشل میڈیا صارفین ماہرہ خان کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیہ تبصرے کر رہے ہیں۔