اسلامی ثقافتی ورثے کی فہرست میں مزید 66 مقامات شامل
اسلامی ثقافتی ورثے کی فہرست میں مزید 66 مقامات شامل
اتوار 13 دسمبر 2020 19:50
امارات، افغانستان ، فلسطین ، یمن ، مراکش اور عمان کے 22 مقامات شامل ہیں۔(فوٹو عرب نیوز)
اسلامی سائنسی،تعلیمی اور ثقافتی تنظیم (آئیسکو) نے اپنی اسلامی عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں مزید 66 نئے ثقافتی مقامات کو شامل کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ان مقامات میں سے اسلامی عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کئے گئے 22 مقامات متحدہ عرب امارات، افغانستان ، فلسطین ، یمن ، مراکش اور عمان میں واقع ہیں۔
اس کے علاوہ دیگر 44 مقامات عمان ، عراق، برکینا فاسو، اردن اور کویت کو ابتدائی اسلامی عالمی ثقافتی ورثہ کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
اسلامی سائنسی،تعلیمی اور ثقافتی تنظیم آئیسکو نے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ اسلامی عالمی ثقافتی ورثہ کی کمیٹی کے تیسرے آن لائن اجلاس کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایک روز قبل ہونے والے اجلاس میں کمیٹی نے متعدد سفارشات جاری کی ہیں جن میں آئیسکو کی جانب سے سالانہ بنیادوں پر اسلامی عالمی ثقافتی ورثہ منانے کے اقدام شامل کئے گئے ہیں۔
اس اقدام میں آذربائیجان کے صوبے ناگورنو کاراباخ میں اسلامی عالمی ورثے کے مقامات اور ثقافتی اداروں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کے لئے جنرل سیکریٹریٹ کو سفارش کی گئی ہے۔
اسلامی سائنسی،تعلیمی اور ثقافتی تنظیم آئیسکو کی جانب سے "مستقبل کے راستے" کے نام سے ڈیجیٹل ثقافتی ورثے کے لئے ایک خصوصی پروگرام متعارف کرایا جائے گا۔