ٹیکسی ڈرائیور کو لوٹنے والے 3 افریقی گرفتار
پولیس کو واقعے کی وڈیو ثبوت کے طور پر مل گئی- (فوٹو عاجل)
مکہ مکرمہ ریجن کے پولیس ترجمان میجر محمد الغامدی نے کہا ہے کہ ٹیکسی ڈرائیور کو لوٹنے والے تین افریقی باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ 3 نامعلوم افراد لیموزین میں سوار ہوئے اپنے مطلوبہ مقام پر پہنچ کر انہوں نے ڈرائیور کو کرایہ دینے کے بجائے اسے زدوکوب کیا اور اس کا موبائل اور نقد رقم چھین کر فرار ہوگئے۔
پولیس کو واقعے کی وڈیو بھی ثبوت کے طور پر موصول ہوگئی جس کے ذریعے ملزمان کو شناخت کرکے انہیں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس ترجمان میجر الغامدی کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان افریقی ہیں جو غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم تھے۔ اس سے قبل بھی وہ ایسی ہی وارداتوں میں ملوث رہ چکے ہیں ۔
تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کا کیس پراسیکیوشن جنرل کے ادارے کو ارسال کردیا گیا جہاں ملزمان سے مزید تحقیقات کرنے کے بعد انہیں فوجداری عدالت میں بھیجا جائے گا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں