Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: ٹیکسی ڈرائیوروں کو لُوٹنے والے گرفتار 

ملزمان ریاض کے مختلف مقامات پر وارداتیں کررہے تھے (فوٹو: سبق)
ریاض میں سکیورٹی فورس نے ٹیکسی ڈرائیوروں کو مار پیٹ کر لوٹنے والے تین غیر قانونی تارکین کو گرفتار کر لیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے  مطابق ریاض پولیس کے معاون ترجمان خالد الکریدیس نے بتایا کہ ’غیر قانونی تارکین وطن ریاض کے مختلف مقامات پر وارداتیں کررہے تھے۔ ملزمان میں سے دو پاکستانی اور ایک ایتھوپین شامل ہے۔ یہ عمر کے تیسرے اور چوتھے عشرے میں ہیں’-  
ترجمان نے کہا کہ’ یہ تینوں ٹیکسی ڈرائیوروں کو دھوکہ دے کر غیر آباد یا ایسے مقامات پر لے جاتے تھے جہاں تاریکی ہوتی اور وہاں انہیں مارپیٹ کر لوٹ لیتے تھے۔ ان کے قبضے سے چودہ ہزار ریال بھی برآمد ہوئے ہیں‘۔ 
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ  ’ملزمان کو حراست میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا ہے‘۔
 
 دریں اثنا ریاض پولیس نےغیر ملکی کو زدوکوب کرکے لوٹنے والے دو سعودی شہریوں کو بھی گرفتارکیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق مقامی شہری بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی سے واردات کررہے تھے۔ انہوں نے غیرملکی کو روک کر اس پر حملہ کیا اور اسے مارا پیٹا۔ نقدی اور قیمتی اشیا لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔
وزارت داخلہ نے سرکاری سنیپ اکاؤنٹ پر ویڈیو کلپ جاری کیا جس میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح سعودی شہری غیرملکی کو زدو کوب کرکے اسے لوٹ رہے ہیں۔ ویڈیو کلپ میں حملہ آوروں کی گرفتاری بھی دکھائی گئی ہے۔
گرفتار ہونے والے دونوں سعودی شہری ہیں اورعمر کے تیسرے عشرے میں ہیں۔ 

شیئر: