منصفانہ انتخابات کروا کر استحکام حاصل کرنے کا موقع موجود ہے۔(فوٹو گینی امیج)
عراق کے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی نے اپنے وزرا سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ عراق اس وقت دوراہے پر کھڑا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عراقی وزیراعظم نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کا مرکزی کردار جلد انتخابات کروانا ہے۔ اس سے قبل عراقی وزیراعظم کہہ چکے ہیں کہ وہ کسی سیاسی بلاک سے وابستگی نہیں رکھتے۔
وزیراعظم الکاظمی نے عراق میں جمود کی سب سے بڑی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ 2003 کے بعد سے آنے والی حکومتوں نے اقتدار کی منتقلی کی مدت کو مستقل کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں منصفانہ انتخابات کروا کر لوگوں کا ریاست، سیاسی نظام اور جمہوری طریقہ کار پر اعتماد بحال کرنے کا موقع ہے جس سے ملک میں استحکام بھی آئے گا۔
گذشتہ ماہ عراقی شہری برہام صالح نے کہا تھا کہ وہ آئندہ انتخابات کا انعقاد کسی دھوکے بازی یا ہیرا پھیری کے بغیر چاہتے ہیں۔
عراق میں عسکری ونگ رکھنے والی سیاسی جماعتوں کے خلاف مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ انہیں آئندہ عام انتخابات میں حصہ لینے سے روکا جائے۔
واضح رہے کہ گذشتہ انتخابات میں ایران کے حمایت یافتہ ملیشیا گروہوں نے پارلیمان میں کئی نشستیں جیتیں تھیں۔ ان گروہوں پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نےعراق کے مضافاتی علاقوں میں اسلحے کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو ڈرا دھمکا کر ووٹ حاصل کیے تھے۔