مفتی منیب کو ہٹا دیا گیا، مولانا عبدالخبیر آزاد رویت ہلال کمیٹی کے نئے چیئرمین
مفتی منیب کو ہٹا دیا گیا، مولانا عبدالخبیر آزاد رویت ہلال کمیٹی کے نئے چیئرمین
بدھ 30 دسمبر 2020 20:14
مولانا خبیر آزاد 22 سال سے لاہور کی بادشاہی مسجد کے امام ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور مولانا عبدالخبیر آزاد کو نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
بدھ کو حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو کر دی گئی ہے اور مولانا عبدالخبیر آزاد کو اس کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔
کمیٹی میں سپارکو، محکمہ موسمیات، سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارت مذہبی امور کا ایک ایک نمائندہ بھی شامل کیا گیا ہے۔
مفتی منیب الرحمان کو سابق صدر پرویز مشرف کے دور حکومت میں رویت ہلال کمیٹی کا چیئرمین تعینات کیا گیا تھا اور وہ طویل عرصے پر تعینات چلے آرہے تھے۔ ان کے دور میں رمضان اور عید کے چاند پر تنازعات کا سلسلہ چلتا رہا۔ پشاور میں مسجد قاسم علی خان کے امام مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے ساتھ ان کا اختلاف رہا جبکہ فواد چوہدری کے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی بننے کے بعد ان کے ساتھ بھی مفتی منیب الرحمان کا ہلال رمضان اور عید کے حوالے سے تنازع رہا۔
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے سالانہ کیلنڈر متعارف کروایا تھا جس کی مفتی منیب الرحمان نے شدید مخالفت کی تھی۔
مولانا خبیر آزاد 22 سال سے لاہور کی بادشاہی مسجد کے امام ہیں۔ ان کے والد مولانا عبدالقادر آزاد بھی بادشاہی مسجد کے امام رہے۔ آزاد خاندان گذشتہ 50 سال سے بادشاہی مسجد کی امامت سے منسلک ہے۔
مولانا خبیر آزاد نے عربی اور اسلامیات میں ایم اے کیا ہے جبکہ گذشتہ 15 برسوں سے وہ رویت ہلال کمیٹی کے رکن بھی ہیں اور اب انہیں کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں رویت ہلال کمیٹی کے 19 ارکان بھی شامل کیے گئے ہیں جن میں راغب نعیمی، حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم، ڈاکٹر یاسین ظفر، مفتی اقبال چشتی، ڈاکٹر مفتی علی اصغر، فیصل احمد، سید علی قرار نقوی، مفتی فضل جمیل، حافظ عبدالغفور، یوسف کشمیری، قاری میراللہ، حبیب اللہ چشتی اور مفتی ضمیر احمد ساجد شامل ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر مفتی منیب الرحمان کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ بعض صارفین حکومتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اس بات کا اندیشہ ظاہر کر رہے ہیں کہ شاید یہ فیصلہ خادم حسین رضوی کا ساتھ دینے کی وجہ سے لیا گیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’مفتی منیب کو بحال کرو‘ ٹرینڈ میں اس وقت نوے ہزار سے زائد ٹوئٹس شامل ہیں۔ اس وجہ سے یہ ٹرینڈنگ لسٹ میں دوسرے نمبر پر موجود ہے۔
ٹوئٹر صارف علینہ جعفر نے لکھا کہ ’میں نے بچپن سے مفتی صاحب کو چاند کا بتاتے ہوئے سنا ہے حکومت ایسا کیوں کر رہی ہے ؟ میں چاہتی ہوں آنے والی نسل بھی یہ سب دیکھ سکے۔‘
ٹوئٹر صارف میر شاہد نے لکھا کہ ’مفتی منیب الرحمان نے دو دہائیوں سے چاند دیکھنے کی ذمہ داری سنبھال رکھی ہے ہم ان یہ عہدہ واپس لینے کے حق میں نہیں ہیں۔‘
مفتی منیب الرحمان کی حمایت کرنے والوں کے علاوہ بعض سوشل میڈیا صارفین رویت ہلال کمیٹی کے نئے مولانا عبدالکبیر آزاد پر تنقید کرتے رہے۔