جدہ میونسپلٹی کےتفتیشی دورے، 809 دکانوں کے خلاف کارروائی
’تفتیشی دورے کے دوران 6183 مقامات پر صفائی کی کمی دیکھی گئی‘ ( فوٹو: سبق)
جدہ میونسپلٹی نے گزشتہ دو ہفتوں کے درمیان شہر بھر میں واقع مختلف مارکیٹوں اور شاپنگ مالز میں 14187 تفتیشی دورے کیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق بلدیہ نے 809 تجارتی اداروں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
بلدیہ نے کہا ہے کہ ’شہر بھر کی مارکیٹوں میں ایس اوپیز کے علاوہ بلدیہ اور وزارت تجارت کے ضوابط کا جائزہ لیا گیا ہے‘۔
’جامع تفتیشی دورے 19 ذیلی بلدیاتی اداروں کے تعاون کیے گیے جن میں 6183 مقامات پر صفائی کی کمی دیکھی گئی‘۔
’بلدیہ نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ مقامات کی صفائی اور سینیٹائزنگ کروائی ہے‘۔
’تفتیشی اہلکاروں نے مختلف دکانوں میں ضوابط کی پابندی کے علاوہ وزارت صحت کی طرف سے دی جانے والی ہدایات کا بھی جائزہ لیا ہے‘۔
’ایس او پیز کی خلاف ورزی پر فوری جرمانے کیے گیے جبکہ متعدد دکانوں کو سنگین خلاف ورزیوں پر وقتی طور پر بند کردیا گیا ہے‘۔
بلدیہ نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ ’جہاں کہیں بھی خلاف ورزی دیکھیں تو فوری طور پر بلدیہ کو مطلع کریں‘۔

’متعدد خلاف ورزیوں پر 809 تجارتی اداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے‘ (فوٹو: سبق)
’شہری وغیر ملکی خود بھی سختی سے ایس او پیز پر عمل کرتے رہا کریں اور جہاں کہیں بھی اس کی خلا ف ورزی دیکھیں تو بلدیہ کو بتائیں‘۔